سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکا میں قیام کے دوران انتونیو گوتریس کو دورۂ پاکستان کی دعوت دی تھی، جسے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے قبول کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دورۂ پاکستان کے دوران انتونیو گوتریس کی وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ ملاقاتوں میں پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون، علاقائی امن و استحکام اور عالمی سطح پر جاری تنازعات سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف معاملات زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی اور سفارتی رابطوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس موقع پر امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات اور کشیدگی کم کرنے کی کوششوں میں پاکستان کے تعمیری اور سفارتی کردار پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
انتونیو گوتریس کا دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب عالمی سطح پر مختلف خطوں میں جنگوں اور تنازعات کے باعث امن و سلامتی کے مسائل سنگین نوعیت اختیار کرچکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل متعدد مواقع پر جنگوں کے انسانی، معاشی اور سماجی اثرات پر تشویش کا اظہار کرچکے ہیں۔
انتونیو گوتریس نے حالیہ بیانات میں کہا ہے کہ گزشتہ دہائی کے دوران جنگوں کے خوفناک اور تباہ کن نتائج سامنے آئے، جن کے اثرات نہ صرف متاثرہ ممالک بلکہ پوری دنیا پر مرتب ہوئے۔ ان کے مطابق تنازعات کے حل کے لیے سفارت کاری، مذاکرات اور کثیرالجہتی تعاون کو مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔
ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پاکستان کے دورے کے دوران نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا بھی دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران قدرتی آفات سے نمٹنے، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور آفات کے بعد بحالی کے لیے پاکستان کی کوششوں سمیت مختلف امور کا جائزہ لیے جانے کا امکان ہے۔
انتونیو گوتریس کے این ڈی ایم اے کے دورے کو پاکستان میں قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلی کے باعث پیدا ہونے والے چیلنجز کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ پاکستان ماضی میں سیلاب اور دیگر قدرتی آفات سے شدید متاثر ہوتا رہا ہے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کی ضرورت پر زور دیتا رہا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل ایم او جی آئی پی ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کریں گے، جہاں انہیں متعلقہ امور پر بریفنگ دی جائے گی۔
دورے کے دوران اقوام متحدہ اور پاکستان کے درمیان تعاون کے مختلف پہلوؤں، عالمی امن کے لیے پاکستان کے کردار اور علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر اسلام آباد کے مؤقف کے حوالے سے بھی بات چیت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق انتونیو گوتریس جمعرات کو پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد نیویارک روانہ ہوجائیں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے دورۂ پاکستان کو اسلام آباد اور عالمی ادارے کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی و عالمی مسائل پر مشاورت کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔







