پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور سوڈان کے درمیان سیکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی اور ادارہ جاتی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون اور روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے سوڈان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سوڈانی وزیر داخلہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا اعتراف کیا۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی و عالمی سطح پر بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورت حال کے تناظر میں تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔