واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کرائم سین یونٹ کو طلب کرکے شواہد اکٹھے کیے۔ بعدازاں باپ اور بیٹے کی لاشیں ایدھی رضاکاروں کی مدد سے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن کے علاقے کلفٹن شاہ رسول کالونی میں گھر کے اندر فائرنگ کے واقعے میں باپ اور بیٹا جاں بحق ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر کرائم سین یونٹ کی مدد سے شواہد اکٹھے کیے اور لاشیں جناح اسپتال منتقل کردیں۔

ایس ایچ او بوٹ بیسن ریاض نیازی نے بتایا کہ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے والد کی شناخت 28 سالہ تنویر جبکہ بیٹے کی شناخت 5 سالہ حسنین کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کو جائے وقوعہ سے 30 بور پستول اور دو خول ملے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ گھریلو جھگڑے کے دوران پیش آیا، جس میں شوہر نے طیش میں آکر پہلے کمسن بیٹے کو کمرے میں لے جاکر فائرنگ کرکے قتل کیا اور بعدازاں خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔

پولیس کے مطابق میاں بیوی کے درمیان مالی معاملات پر تلخ کلامی ہوئی تھی، جس کے بعد یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

ایس ایچ او بوٹ بیسن نے بتایا کہ فوری طور پر اسلحے کے قانونی یا غیر قانونی ہونے کا تعین نہیں ہوسکا، جب کہ پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کررہی ہے۔ فائرنگ کے واقعے میں متوفی کی اہلیہ شکیلہ اور کمسن بیٹی محفوظ رہیں۔

پولیس کے مطابق متوفی تنویر کا آبائی تعلق ساہیوال سے بتایا جاتا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔