وزارتِ پیٹرولیم ڈویژن نے 7 سے 9 نومبر تک کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 59 پیسے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 352 روپے 59 پیسے سے کم ہو کر 346 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 25 پیسے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 382 روپے 25 پیسے سے کم ہو کر 378 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 7 نومبر سے 9 نومبر 2026 تک کے لیے رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اعلان کردہ قیمتیں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تبدیلیوں، پلیٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 35 مرتبہ کمی اور 39 مرتبہ اضافہ کیا جا چکا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 31 مرتبہ کمی اور 45 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز 5 نومبر کو بھی حکومت کی جانب سے پیٹرول 9 روپے 41 پیسے سستا کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 352 روپے 59 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 56 پیسے کمی کے بعد یہ 382 روپے 25 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔
4 نومبر کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز بھی کمی کی تھی۔ پیٹرول کی قیمت 7 روپے 6 پیسے کم کرکے 362 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 71 پیسے کمی کے بعد اسے 387 روپے 81 پیسے فی لیٹر کردیا گیا تھا۔
3 نومبر کو پیٹرول 5 روپے 45 پیسے سستا کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت 369 روپے 6 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 68 پیسے کمی کی گئی تھی، جس کے بعد اس کی قیمت 391 روپے 52 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
2 نومبر کو حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 40 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے 76 پیسے کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 374 روپے 51 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 395 روپے 20 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔
اس سے قبل گزشتہ ہفتے کے آخری روز 30 اکتوبر کو حکومت نے اگلے 3 روز، یعنی 31 اکتوبر سے 2 نومبر تک، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں کوئی رد و بدل نہیں کیا تھا اور اسے 377 روپے 91 پیسے فی لیٹر برقرار رکھا تھا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 29 پیسے اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت 402 روپے 96 پیسے ہوگئی تھی۔
واضح رہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے بحران کے باعث حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیا جاتا ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔
مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگ چی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔







