ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق علی الصبح دو مسلح ملزمان سیڑھی کے ذریعے ایک سنار کے گھر میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر ملازم کو یرغمال بنا کر 2 کلوگرام سے زائد سونا لوٹ کر فرار ہو گئے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 4 لاکھ 29 ہزار 136 روپے ہے۔
ایک کلوگرام سونا تقریباً 85.73 تولے کے برابر ہوتا ہے۔ اس حساب سے ایک کلو سونے کی مالیت تقریباً 3 کروڑ 67 لاکھ روپے، جبکہ 2 کلوگرام سونے کی مالیت 7 کروڑ 35 لاکھ روپے سے زیادہ بنتی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے علاقے کا گھیراؤ کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
ترجمان کے مطابق پولیس کے تعاقب اور گرفتاری کے خوف سے ملزمان سونا کھیتوں میں پھینک کر فرار ہو گئے، جسے سرچ آپریشن کے دوران تلاش کر لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ میں کروڑوں روپے کے زیورات کی چوری پر 15 پر کال موصول ہوتے ہی پنجاب پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت رسپانس کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزمان کا تعاقب کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کے خوف سے ملزمان 2 کلو سونا کھیتوں میں پھینک کر فرار ہو گئے۔ ایک ملزم پکڑا جا چکا ہے اور دوسرا بھی ان شاء اللہ اگلے 24 گھنٹوں میں سلاخوں کے پیچھے ہوگا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ تاریخ میں شاید ہی اتنی جلدی کسی شہری کو انصاف ملا ہو۔ اسے کہتے ہیں قانون کا خوف اور ریاست کا دبدبہ۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ افراد اور شرپسند کان کھول کر سن لیں کہ پنجاب میں قانون کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت اور کوئی پناہ گاہ نہیں ہے۔







