مری میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ملک آگے کی طرف بڑھ رہا ہے اور بہت جلد مسائل پر قابو پالیں گے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے جب حکومت سنبھالی تو حالات بہت خراب تھے، تاہم اب حالات دن بدن بہتر ہو رہے ہیں اور حکومت پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے چھٹکارا دلایا جائے اور ملک اقتصادی طور پر خودمختار بنے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ وہ تنقید میں نہیں جانا چاہتے لیکن نعرے لگانے والی حکومت کے دور میں پاکستان کا جو حال ہوا، ایسا حال پاکستان کا کبھی نہیں دیکھا۔

نواز شریف نے آزاد کشمیر کے حوالے سے کہا کہ جس طرح پنجاب کو بدلا گیا اسی طرح آزاد کشمیر کو بھی بدلیں گے۔ آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود ترجیح ہے اور آزاد کشمیر کو زیادہ سے زیادہ فنڈز فراہم کیے جانے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سڑکیں اور اسپتال بننے چاہئیں، لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں اور سیاحت کو فروغ دیا جائے۔ آزاد کشمیر کے طلبہ کو لیپ ٹاپ اور اسکالرشپس دی جائیں جب کہ کسانوں کو کسان کارڈ کی سہولت بھی ملنی چاہیے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے پہلے دو مراحل میں مسلم لیگ ن کو اکثریت مل چکی ہے، کامیاب امیدواروں کو مبارک باد دیتا ہوں جب کہ کامیاب نہ ہونے والے امیدواروں کو بھی شاباش دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے کچھ ساتھیوں کی شکست کا بہت دکھ ہوا، ان عوامل کا جائزہ لینا چاہیے جن کی وجہ سے اچھے امیدوار شکست سے دوچار ہوئے۔

نواز شریف نے آزاد کشمیر میں انتخابی ماحول پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ جو ماحول بنا ہے وہ سب کے لیے باعثِ پریشانی ہے۔ سیاسی مخالفت کو دشمنی میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے اور آزاد کشمیر کا ماحول ہمیشہ اچھا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: کون ہوگا آزاد کشمیر کا صدر اور کون بنے گا وزیراعظم؟ مری اجلاس میں آج اہم فیصلوں کا امکان

انہوں نے کہا کہ انہیں امید نہیں تھی کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے کسی شکایت کا موقع ملے گا، آزاد کشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت تھی اور ہم نے ہمیشہ مخالفین کے ساتھ اچھا سلوک کیا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ن لیگ کی حکومت ہوگی اور عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی کوئی گنجائش نہیں۔ اگر ن لیگ نے آزاد کشمیر میں ڈیلیور نہ کیا تو عوام ناراض ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر ایک پہاڑی علاقہ ہے، یہاں ہیلی کاپٹر کی ضرورت ہے، وزیراعظم شہباز شریف سے کہوں گا کہ آزاد کشمیر حکومت کو ہیلی کاپٹر فراہم کریں۔