جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آج کا دن ان کے لیے انتہائی اہم اور جذباتی ہے، کیونکہ جدید امراض قلب کا یہ ادارہ ان کے ایک دیرینہ خواب کی تکمیل ہے، اسپتال کا فعال ہونا اور یہاں مریضوں کا علاج شروع ہونا ان کے لیے باعث اطمینان ہے۔
مریم نواز نے بتایا کہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں علاج کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور گزشتہ روز اسپتال میں پہلی سرجری بھی کی گئی، جدید طبی سہولیات کی فراہمی کا مقصد پنجاب کے عوام کو بہتر علاج ان کی دہلیز کے قریب فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں پیچیدہ امراض کے علاج کے لیے دور دراز علاقوں یا بیرون ملک جانے کی ضرورت کم سے کم پیش آئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مریضوں کی خدمت اور علاج معالجے کو بڑی نیکی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بیمار کی عیادت کرنا بھی اجر کا باعث ہے تو جو لوگ مریضوں کے علاج، تکلیف کم کرنے اور انہیں صحت یاب کرنے کے عمل کا حصہ بنتے ہیں، ان کی ذمہ داری اور مقام اس سے کہیں زیادہ اہم ہے۔
انہوں نے اسپتال کے ڈاکٹروں، نرسز، پیرامیڈیکل اسٹاف، انتظامی افسران اور دیگر ملازمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فرائض کو صرف ملازمت نہ سمجھیں بلکہ اسے اللہ تعالیٰ کی جانب سے سونپی گئی ذمہ داری اور امانت تصور کریں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ ہو، وزیر ہو، چیف سیکریٹری ہو، سیکریٹری صحت ہو، کسی اسپتال کا سربراہ ہو یا ڈاکٹر اور نرس، ہر فرد اپنے منصب کے حوالے سے جواب دہ ہے اور اسے اپنی ذمہ داری پوری ایمانداری سے ادا کرنی چاہیے
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی ذمہ داریوں کا دائرہ بہت وسیع ہے، روزانہ مختلف محکموں کے اجلاس، ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی، عوامی مسائل اور سرکاری اسکیموں سمیت متعدد امور دیکھنا ہوتے ہیں، تاہم انہیں سب سے زیادہ خوشی اور اطمینان اس وقت حاصل ہوتا ہے جب ان کا وقت براہ راست عوامی فلاح اور خدمت کے کاموں میں صرف ہو۔
انہوں نے پنجاب کے شعبہ صحت میں جاری اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال صوبے کے سرکاری اسپتالوں میں 10 کروڑ سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا۔ ان کے مطابق اتنی بڑی تعداد میں شہریوں کو سرکاری نظام صحت کے ذریعے علاج کی سہولیات فراہم کرنا ایک اہم امر ہے، جسے ملک کے زمینی حقائق، آبادی اور دستیاب وسائل کے تناظر میں دیکھنا چاہیے
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں شہریوں کو مفت ادویات، سرجری اور مختلف طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، جبکہ بعض مریضوں تک ادویات ان کے گھروں میں بھی پہنچائی جارہی ہیں
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا موازنہ ترقی یافتہ ممالک سے کرنا آسان ہے، لیکن ہر ملک کی اپنی تاریخ، آبادی، وسائل اور حالات ہوتے ہیں۔ پاکستان کو ابھی کئی بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم ملک میں آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے
وزیراعلیٰ پنجاب نے سرکاری اداروں میں غفلت اور بدعنوانی کے بعض واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادویات، انجیکشن اور انسولین کی چوری، مریضوں سے غیرقانونی رقم کا مطالبہ اور سرکاری مشینری کو جان بوجھ کر خراب کرنے جیسے اقدامات ناقابل قبول ہیں
مریم نواز نے الزام عائد کیا کہ بعض عناصر سرکاری سہولیات کو دانستہ طور پر متاثر کرکے مریضوں کو نجی مراکز کی طرف جانے پر مجبور کرنے کی کوشش کرتے ہیں،ایسے اقدامات نہ صرف مریضوں کے ساتھ زیادتی ہیں بلکہ قومی وسائل کے ساتھ خیانت کے مترادف بھی ہیں
انہوں نے کہا کہ اگر ہر شخص یہ طے کرلے کہ وہ اپنے فرائض کو محض ملازمت نہیں بلکہ ذمہ داری اور امانت سمجھ کر ادا کرے گا تو ملک کو ترقی کی راہ پر آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ اور صلاحیت کی کوئی کمی نہیں۔ پاکستانی ڈاکٹرز اور دیگر ماہرین دنیا کے مختلف ممالک میں اپنی قابلیت کا اعتراف کرا رہے ہیں اور عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کررہے ہیں
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈکس اور دیگر طبی ماہرین پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ طبی شعبے سے وابستہ افراد اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ اگر خدمت کے جذبے کو بھی ترجیح دیں تو صحت کے شعبے میں مزید نمایاں بہتری لائی جاسکتی ہے
مریم نواز نے اس بات پر زور دیا کہ ایک بہتر اور مؤثر نظام صرف حکومتی اقدامات سے قائم نہیں ہوسکتا، بلکہ اس کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری پوری ایمانداری اور احساسِ فرض کے ساتھ ادا کرنا ہوگی
انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کسی ایک فرد یا ادارے کی ذمہ داری نہیں، بلکہ اجتماعی ذمہ داری ہے۔ حکومت پالیسی اور وسائل فراہم کرسکتی ہے، تاہم منصوبوں کی کامیابی اور عوام کو حقیقی فائدہ اسی وقت پہنچتا ہے جب متعلقہ ادارے اور اہلکار اپنے فرائض خلوص کے ساتھ انجام دیں
وزیراعلیٰ پنجاب نے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے وابستہ طبی و انتظامی عملے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ادارہ مریضوں کو معیاری علاج فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور دل کے امراض میں مبتلا افراد کے لیے ایک مؤثر طبی مرکز ثابت ہوگا
مریم نواز نے کہا کہ عوام کو بہتر صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور ان شعبوں میں جاری منصوبوں کا مقصد عام شہری کی زندگی میں عملی آسانی پیدا کرنا ہے







