پولیس کے مطابق واقعہ اپر گزری میں پیش آیا جہاں خاتون ایک فلیٹ میں کام کرنے کے بعد کھانا کھانے کے لیے جا رہی تھیں کہ سیڑھیوں کے قریب موجود ایک شخص نے مبینہ طور پر ان پر تیزاب پھینک دیا اور پیدل فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کی شناخت 35 سالہ ممتاز زوجہ دہراج کے نام سے ہوئی ہے اور وہ گھریلو ملازمہ ہیں۔ انہیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول برنس سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ایم ایس سول اسپتال کے مطابق تیزاب کے باعث خاتون کا جسم تقریباً 15 فیصد تک جھلسا ہے اور انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کیا۔ پولیس کو فلیٹ کی سیڑھیوں کے قریب سے تیزاب کی ایک بوتل بھی ملی ہے جسے مزید تفتیش کے لیے کرائم سین یونٹ کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ایس ایس پی کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں شبہ ہے کہ تیزاب پھینکنے والا شخص بھی تیزاب سے جھلسا ہے اور پیدل فرار ہوا۔ ایک عینی شاہد نے پولیس کو بتایا کہ مبینہ ملزم نے علاقے میں ایک بزرگ خاتون سے پانی بھی مانگا تھا۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کا ابتدائی بیان قلمبند کرلیا گیا ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ ملزم کو نہیں جانتیں، تاہم سامنے آنے پر اسے شناخت کرسکتی ہیں۔

پولیس نے ملزم کی تلاش کے لیے جائے وقوعہ اور اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے کا عمل شروع کردیا ہے، جب کہ واقعے کے محرکات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان میں دراندازی کی کوشش ناکام، فتنۃ الخوارج کے 15 دہشتگرد ہلاک

وزیراعلیٰ سندھ نے متاثرہ خاتون کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور ملزم کو فوری گرفتار کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

صوبائی وزیر داخلہ نے ایس ایس پی ساؤتھ سے واقعے کی فوری اور تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔

ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرکے حقائق سامنے لائے جائیں اور ملزم کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے کارروائی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے متاثرہ خاتون اور ان کے اہلخانہ کو ہر ممکن قانونی و انتظامی معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔