ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں 40 سالہ شاہ زیب، ان کی 40 سالہ اہلیہ صبا، پانچ سالہ بیٹی ایزل، چار سالہ بیٹی آریہ اور شاہ زیب کی 18 سالہ بہن شمائلہ شامل ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ پانچوں افراد کی موت کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ڈی آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

آئی جی سندھ نے ہدایت کی ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں اور پانچوں افراد کی ہلاکتوں کی اصل وجوہات کا تعین کیا جائے۔

انہوں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے، فرانزک تحقیقات اور دیگر قانونی تقاضے پورے کرنے کی بھی ہدایت کی۔

جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر یا ممکنہ مجرمانہ پہلوؤں کا پتا لگانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور تحقیقات میں پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھا جائے۔