ٹرین کراچی سے پشاور جارہی تھی کہ ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق ٹرین کی رفتار تیز تھی، جس کے باعث تمام بوگیاں الٹ گئیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو نشتر اسپتال ملتان منتقل کردیا گیا ہے۔

حادثے کے بعد متاثرہ مسافر اپنے سامان کے ساتھ ریلوے پٹری کے کنارے بیٹھے رہے۔

ایک مسافر نے بتایا کہ رحمان بابا ایکسپریس کو حادثہ صبح سوا 5 بجے پیش آیا۔ ان کے مطابق روہڑی کے قریب بوگی نمبر 9 کے نٹ بولٹ درست کیے گئے تھے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے زخمیوں سے اظہار افسوس کیا ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔