گزشتہ روز اسلام آباد میں تیز ہواؤں کے باعث سیکٹر ایف-10 میں ایک بڑا درخت گر گیا، جس سے قریب کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس میں میوزیکل کنسرٹ کے لیے لگایا گیا بھاری اسٹیج بھی تیز ہواؤں کے باعث گر گیا۔
راولپنڈی میں بھی آندھی کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
پشاور کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی، جبکہ اٹک اور نیلم سمیت آزاد کشمیر کے بعض علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جس کے باعث کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں 13 سے 16 ستمبر تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ لاڑکانہ، جیکب آباد، میرپورخاص، تھرپارکر، ٹھٹہ اور بدین میں بھی بارش متوقع ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سکھر، دادو اور چھور میں 41.5، نور پور تھل میں 41، ڈی آئی خان میں 40.5، چلاس میں 39.4 اور مظفرآباد میں 38.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
دوسری جانب کالام میں کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مری اور قلات میں 14، باگروٹ میں 12 اور اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو آندھی اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔







