پولیس کو دی گئی درخواست کے مطابق متاثرہ خاتون موڑ کھنڈا کی رہائشی بی اے کی طالبہ ثانیہ ہےاور واقعے کے روز گھر میں اکیلی موجود تھی کہ اس کا بہنوئی مبینہ طور پر گھر میں داخل ہوا اور اسے ڈرا دھمکا کر مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے لگا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسی دوران ثانیہ کی والدہ گھر واپس آئیں اور دروازہ کھٹکھٹایا، تاہم کافی دیر تک دروازہ نہ کھولا گیا۔ والدہ نے دروازہ زور زور سے کھٹکھٹایا تو ملزم نے دروازہ کھولا اور مبینہ طور پر انہیں گھسیٹتے ہوئے اندر لے گیا، جہاں انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
متاثرہ کی والدہ کے مطابق ملزم نے انہیں اور ان کی بیٹی کو دھمکیاں دیں کہ اگر اس کے گھر آنے کی اطلاع کسی کو دی گئی تو وہ دونوں کو جان سے مار دے گا۔ درخواست کے مطابق ثانیہ نے ملزم کی منت سماجت کرکے اپنی والدہ کی جان بخشی کروائی۔
متاثرہ ثانیہ نے اپنے بیان میں بھی واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ گھر میں اکیلی تھی۔ اس کے مطابق ملزم نے اسے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا، جب کہ والدہ کے گھر واپس آنے پر انہیں بھی مارا پیٹا گیا۔ ثانیہ نے بتایا کہ ملزم کی جانب سے اسے اور اس کے بھائی کے حوالے سے بھی دھمکیاں دی گئیں۔
درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملزم بااثر شخص ہے، جب کہ متاثرہ لڑکی اور اس کی والدہ نے قانون سے مدد اور انصاف کی اپیل کی ہے۔ متاثرہ کی والدہ نے پولیس سے مقدمہ درج کرکے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کرنے اور اسے قرار واقعی سزا دلوانے کی استدعا کی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے جب کہ مبینہ ملزم کو گرفتار کرلیا ہے اور معاملے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔







