تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ڈسکہ روڈ پر واقع فراز اسپورٹس اسٹیڈیم میں پیش آیا، جہاں ٹک ٹاکر کی جانب سے تقریب کے سلسلے میں عوام کے لیے 50 موٹر سائیکلوں، 50 ہزار روپے کے 50 نقد انعامات اور ایک کار کی قرعہ اندازی کا اعلان کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق انعامات کی خبر پھیلتے ہی سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور گرد و نواح کے علاقوں سے بچوں، نوجوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد صبح سے ہی اسٹیڈیم کے باہر جمع ہونا شروع ہوگئی تھی۔
تقریب میں زیادہ ہجوم اور ویڈیوز بنانے کے چکر میں اسٹیڈیم کا مرکزی گیٹ وقت سے پہلے کھول دیا گیا، جس کے نتیجے میں ہجوم ایک دوسرے پر چڑھ دوڑا۔ دھکم پیل اور دم گھٹنے کے باعث متعدد افراد پاؤں تلے آکر شدید زخمی ہوگئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ تمام متاثرہ افراد کو فوری طور پر علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد، ڈی ایس پی صدر اور ڈی ایس پی ڈسکہ بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔
ڈی پی او سیالکوٹ کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
واقعے کے دوران ڈسکہ روڈ پر شدید ٹریفک جام بھی دیکھنے میں آیا، جس پر پولیس نے متبادل راستوں کے ذریعے ٹریفک بحال کروائی۔







