بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں نمایاں کمی کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 10 ہزار 800 روپے کی بھاری کمی سے 4 لاکھ 9 ہزار 736 روپے کا ہوگیا۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 9 ہزار 259 روپے کی بڑی کمی سے 3 لاکھ 51 ہزار 282 روپے ہوگئی۔
یاد رہے کہ پاکستان میں جمعے کے روز بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کی بڑی گراوٹ دیکھنے میں آئی۔
صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 5 ہزار 100 روپے سستا ہوکر 4 لاکھ 20 ہزار 536 روپے کا ہوگیا تھا، جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 4 ہزار 373 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 60 ہزار 541 روپے ہوگئی تھی۔
عالمی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت 51 ڈالر کی کمی کے بعد 3 ہزار 980 ڈالر فی اونس ہوگئی تھی۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے اثرات مقامی صرافہ بازار پر بھی مرتب ہوئے، جہاں سونے کے ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ جمعرات کو سونے کی فی تولہ قیمت 4 لاکھ 25 ہزار 636 روپے پر مستحکم رہی تھی۔
دوسری جانب چاندی کی فی تولہ قیمت میں 238 روپے کی کمی ہوئی تھی، جس کے بعد نئی قیمت 5 ہزار 530 روپے ہوگئی تھی۔ ماہرین سونے کی قیمتوں میں حالیہ کمی کو عالمی مارکیٹ میں امریکی افراطِ زر اور شرحِ سود میں متوقع تبدیلیوں کے اثرات قرار دے رہے ہیں، جن کے باعث بین الاقوامی سطح پر سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔








