تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں 3 نومبر کو مذاکرات کے لیے مدعو کیا۔
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کے بتدریج خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے معاملے پر جماعت اسلامی اور حکومتی کمیٹی کے درمیان حتمی مذاکرات 3 نومبر کو ہوں گے۔
لیاقت بلوچ کے مطابق ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ان سے واٹس ایپ پر رابطہ کرکے مذاکرات کے لیے 3 نومبر کی تاریخ سے آگاہ کیا، جبکہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے بھی ٹیلی فونک گفتگو میں بتایا کہ اجلاس کے انعقاد کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا بنیادی مقصد پیٹرولیم لیوی کا بتدریج خاتمہ اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف دلانا ہے۔ حکومت کو عوام کو ریلیف دینا ہوگا، بصورت دیگر جماعت اسلامی ملتان سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کرے گی۔
لیاقت بلوچ نے بتایا کہ لانگ مارچ سے قبل کوئٹہ، میرپورخاص، بہاولپور، مانسہرہ اور سرگودھا میں عوامی جلسے منعقد کیے جائیں گے، جب کہ لانگ مارچ کے انتظامات کے لیے کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔







