کروم بُک ایک ایسا کمپیوٹر ہے جو زیادہ تر انٹرنیٹ اور آن لائن سروسز کے ذریعے کام کرتا ہے۔ طلبہ اسے تعلیمی مواد پڑھنے، آن لائن تحقیق کرنے اور پڑھائی سے متعلق مختلف کاموں کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔
حکومت کی ’وزیراعظم یوتھ کروم بُک اسکیم‘ کے تحت اہل طلبہ کو ان کی تعلیمی کارکردگی کی بنیاد پر کروم بُک دینے کا منصوبہ ہے۔ تاہم صرف درخواست دینے سے کروم بُک ملنے کی ضمانت نہیں ہوتی۔
کون سے طلبہ اہل ہیں؟
سب سے پہلے اہلیت کی بات کرتے ہیں۔ انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) کے سرکاری پورٹل پر موجود تازہ ترین معلومات کے مطابق فی الحال اسکیم میں سرکاری یا پبلک اسکولوں میں زیرِ تعلیم طلبہ پر توجہ دی گئی ہے۔
پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے تعلیمی بورڈز کے تحت سالانہ امتحانات 2026 میں جماعت نہم یعنی ایس ایس سی پارٹ ون کے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ زیرِ غور آئیں گے۔
دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں جماعت نہم اور دہم کے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو شامل کیا جائے گا۔
یہاں ایک اہم بات سمجھنا ضروری ہے۔ فراہم کردہ ابتدائی معلومات میں کم از کم 50 فیصد نمبر حاصل کرنا ضروری بتایا گیا ہے، لیکن 50 فیصد نمبر حاصل کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ طالب علم کو لازمی طور پر کروم بُک مل جائے گی۔ حتمی انتخاب متعلقہ بورڈ کی فراہم کردہ فہرست اور اسکیم کے مقررہ معیار کے مطابق ہوگا۔
اسکیم میں صوبائی ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعاون سے چلنے والے نجی اسکولوں اور رجسٹرڈ مدارس کے طلبہ کا بھی ذکر ہے، لیکن موجودہ سرکاری پورٹل پر اہلیت کی تازہ تفصیل اس سے مختلف ہے۔
پورٹل کے مطابق فی الحال صرف سرکاری یا پبلک اسکولوں کے طلبہ اہل ہیں۔ اس لیے نجی اسکول یا مدرسے میں زیرِ تعلیم طلبہ اپنی اہلیت کی تصدیق متعلقہ تعلیمی بورڈ یا اسکیم کے سرکاری پورٹل سے ضرور کریں۔
ایک اور اہم بات یہ ہے کہ ہر طالب علم صرف ایک مرتبہ درخواست دے سکتا ہے۔
درخواست کیسے جمع کرائیں؟
سب سے پہلے موبائل فون یا کمپیوٹر پر اسکیم کا سرکاری پورٹل https://pmychromebooks.ibcc.edu.pk کھولیں۔ پورٹل کھولنے کے بعد اپنا متعلقہ تعلیمی بورڈ منتخب کریں۔ مثال کے طور پر لاہور، گوجرانوالہ، پشاور، کوئٹہ، میرپور یا اسلام آباد کا بورڈ، اگر وہ فہرست میں موجود ہو۔
اس کے بعد اپنا شناختی کارڈ نمبر، ب فارم نمبر، رول نمبر یا رجسٹریشن نمبر درج کریں۔ ان میں سے وہی نمبر استعمال کریں جو آپ کے تعلیمی بورڈ کے ریکارڈ میں موجود ہو۔
پورٹل کی ہدایت کے مطابق نمبر درج کرتے وقت ڈیش استعمال نہ کریں اور اپنی تاریخ پیدائش بھی درست درج کریں۔ اس کے بعد ریکارڈ تلاش کرنے کے آپشن پر کلک کریں۔
اگر آپ کا ریکارڈ مل جائے تو اگلی اسکرین پر اپنا نام، اسکول اور نمبروں کی تفصیلات اچھی طرح چیک کریں۔ یہ معلومات متعلقہ تعلیمی بورڈ کی فراہم کردہ فہرست سے حاصل ہوتی ہیں۔
اگر ریکارڈ نہیں مل رہا تو رول نمبر یا رجسٹریشن نمبر کے ذریعے دوبارہ کوشش کریں۔ اس کے باوجود ریکارڈ نہ ملے تو اپنے متعلقہ تعلیمی بورڈ سے رابطہ کریں۔
کون سے کاغذات درکار ہوں گے؟
درخواست مکمل کرنے سے پہلے ضروری دستاویزات تیار رکھیں۔ ان میں حالیہ رنگین تصویر، جماعت نہم یا دہم کی مارک شیٹ، ب فارم یا شناختی کارڈ کی تصدیق شدہ نقل، والد یا سرپرست کے شناختی کارڈ کی تصدیق شدہ نقل شامل ہیں۔ تصویر سامنے سے لی گئی ہو اور اس کا پس منظر سادہ ہو۔
سرکاری پورٹل کے مطابق تصویر جے پی جی یا پی این جی فارمیٹ میں ہونی چاہیے اور اس کا سائز زیادہ سے زیادہ 300 کلو بائٹ (کے بی) ہوسکتا ہے۔
مارک شیٹ اور شناختی دستاویزات جے پی جی، پی این جی یا پی ڈی ایف فارمیٹ میں اپ لوڈ کی جاسکتی ہیں، جبکہ ان کا سائز بھی 300 کلو بائٹ سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔ تمام دستاویزات واضح اور پڑھنے کے قابل ہونی چاہئیں۔
درخواست جمع کراتے وقت احتیاط کریں
دستاویزات اپ لوڈ کرنے سے پہلے پورٹل پر موجود تازہ ہدایات ضرور پڑھیں۔ اس کے بعد تمام معلومات کا دوبارہ جائزہ لیں اور پھر درخواست جمع کرائیں۔
خاص طور پر نام، تاریخ پیدائش، رول نمبر اور تعلیمی معلومات میں غلطی سے بچیں، کیونکہ درخواست جمع ہونے کے بعد آپ خود فارم میں تبدیلی نہیں کرسکیں گے۔ غلط معلومات دینے کی صورت میں کروم بُک کی الاٹمنٹ منسوخ ہوسکتی ہے اور مزید کارروائی بھی ہوسکتی ہے۔
درخواست کامیابی سے جمع ہونے کے بعد ملنے والا ریفرنس نمبر اور درخواست کی سلپ محفوظ کرلیں۔ سلپ ڈاؤن لوڈ کرکے اپنے پاس رکھنا بھی ضروری ہے۔
درخواست دینے کے بعد کیا ہوگا؟
یہ بات یاد رکھیں کہ درخواست جمع ہونا اور کروم بُک کے لیے منتخب ہونا دو الگ مراحل ہیں۔ درخواست دینے کے بعد متعلقہ سرکاری پورٹل اور اپنے تعلیمی بورڈ کے اعلانات پر نظر رکھیں۔ انتخاب کی فہرست، تقسیم کی تاریخ اور دیگر ضروری معلومات صرف سرکاری ذرائع سے ہی تصدیق کریں۔
اس وقت دستیاب سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ کے طلبہ کی رجسٹریشن جماعت نہم کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج تمام متعلقہ تعلیمی بورڈز کی جانب سے جاری ہونے کے بعد اسی پورٹل پر جاری کی جائے گی۔
فراڈ سے کیسے بچیں؟
اس اسکیم کے نام پر ہونے والے فراڈ سے بھی محتاط رہیں۔ درخواست دلوانے، میرٹ لسٹ میں نام شامل کروانے یا کروم بُک کی ضمانت دینے کے نام پر کسی غیر متعلقہ شخص کو رقم نہ دیں۔ اپنی شناختی معلومات اور اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی غیر ضروری طور پر کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔
اگر کوئی شخص درخواست یا کروم بُک کی فراہمی کے لیے فیس مانگے تو رقم دینے سے پہلے سرکاری ہدایات سے تصدیق ضرور کریں۔
اگر آپ کا بچہ اہلیت کی شرائط پر پورا اترتا ہے تو سب سے پہلے سرکاری پورٹل پر اپنا ریکارڈ چیک کریں، ضروری دستاویزات تیار رکھیں اور درخواست جمع ہونے کے بعد ریفرنس نمبر محفوظ کرنا نہ بھولیں۔
اس معلومات کو دوسرے طلبہ، والدین اور سرپرستوں کے ساتھ بھی شیئر کریں تاکہ وہ وزیراعظم یوتھ کروم بُک اسکیم کے بارے میں درست معلومات حاصل کرسکیں۔







