ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 3 سے 5 ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، قصور اور اوکاڑہ میں بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 4 اور 5 ستمبر کے دوران فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش متوقع ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد سیف انور نے بتایا کہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور فیصل آباد سمیت بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث شہری سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ برساتی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے، اس لیے متعلقہ ادارے ضروری حفاظتی اقدامات پہلے سے مکمل رکھیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بوسیدہ یا کچے مکانات میں رہائش سے گریز کریں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ آندھی، طوفان اور گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔

والدین سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ بچوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب نہ جانے دیں۔