مفتاح اسماعیل نے مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں آج تک اتنی کرپشن نہیں ہوئی، جتنی ان کے بقول موجودہ دور میں ہو رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے کرپشن کے معاملے میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صاف پانی کی اسکیموں، سڑکوں، زمینوں اور دیگر شعبوں میں بہت زیادہ کرپشن ہو رہی ہے۔
مفتاح اسماعیل نے پنجاب میں ترقیاتی اخراجات کے حوالے سے لاہور اور جنوبی پنجاب کے اضلاع کے درمیان فرق کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت لاہور ڈویژن کے ہر شہری پر 13 ہزار 240 روپے خرچ کرتی ہے، جب کہ لیہ کے شہری پر 460 روپے، لودھراں پر 540 روپے اور رحیم یار خان پر بھی 540 روپے خرچ کیے جاتے ہیں۔
ان کے مطابق لاہور پر مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا خصوصی کرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزدار صاحب کے علاوہ پنجاب کے ہر وزیراعلیٰ کو لاہور کا وزیراعلیٰ بننے کا شوق رہا ہے۔
مفتاح اسماعیل نے پنجاب حکومت کی جانب سے حکومتی منصوبوں اور سرگرمیوں کی تشہیر پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے مساجد، مدرسوں اور قبرستانوں تک اپنی تصاویر لگوا دی ہیں، جبکہ ہر ٹھیلے پر بھی ان کی تصویر نظر آتی ہے، جو ان کے بقول ’اوور دی ٹاپ‘ ہے اور لوگوں کو اچھا نہیں لگتا۔
انہوں نے پنجاب حکومت کی سیاسی حیثیت پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکومت زبردستی بیٹھی ہوئی ہے اور سیٹیں نہیں جیتی، اسی لیے ان کے کام بھی نظر نہیں آتے۔
مزید پڑھیں: نئے صوبوں سے شریف اور بھٹو خاندان کی طاقت کم ہوگی، وہ پوری کوشش کر رہے ہیں کہ ایسا نہ ہو: مفتاح اسماعیل
سندھ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پنجاب میں بہت زیادہ کرپشن ہو رہی ہے، لیکن سندھ کرپشن کے معاملے میں ’نیکسٹ لیول‘ پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب نے کرپشن کی حدود پار کر دی ہیں، لیکن سندھ ’ساتویں آسمان‘ پر بیٹھا ہے۔







