ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو صحت سمیت بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے متعدد منصوبوں پر کام کررہی ہے، جبکہ صوبے میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے نئے اسپتال اور علاج کے مراکز قائم کیے جارہے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے فعال ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ادارے نے باقاعدہ طور پر کام شروع کردیا ہے، جہاں دل کے مریضوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ہارٹ ٹرانسپلانٹ سمیت علاج کی سہولیات عوام کو مفت فراہم کی جائیں گی، لاہور کی بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر مریضوں کا دباؤ مسلسل بڑھ رہا تھا، اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جناح کارڈیالوجی اسپتال کے قیام کا منصوبہ مکمل کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کا مقصد صحت کے شعبے میں عوام کو علاج کی بہتر سہولیات ان کی دہلیز کے قریب فراہم کرنا ہے تاکہ بڑے اسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ کم کیا جاسکے اور جدید علاج تک عام شہری کی رسائی ممکن بنائی جائے۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بہت جلد نواز شریف کینسر اسپتال کا بھی افتتاح کرنے جارہی ہیں، مجوزہ اسپتال میں ایک ہزار بستروں کی گنجائش ہوگی اور یہاں کینسر کے مریضوں کو جدید تشخیص اور علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں بڑے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کررہی ہے اور اس کا مقصد ایسے مریضوں کو بھی علاج کی سہولت فراہم کرنا ہے جو مہنگے طبی اخراجات برداشت نہیں کرسکتے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سرگودھا میں کارڈیالوجی اسپتال کی تعمیر کا کام بھی تقریباً مکمل ہوچکا ہے، جس سے وسطی پنجاب کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے دل کے مریضوں کو اپنے علاقوں کے قریب علاج کی سہولت میسر آسکے گی۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ صوبے کے سرکاری اسپتالوں میں صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے مریضوں کا بھی علاج کیا جارہا ہے، سرکاری طبی مراکز میں مستحق مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کی صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات اور منصوبوں کا مقصد عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے، حکومت جدید اسپتالوں کے قیام کے ساتھ موجودہ سرکاری اسپتالوں میں بھی سہولیات بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے اپنے سیاسی مخالفین اور دیگر صوبوں کی جانب سے پنجاب پر تنقید کے حوالے سے کہا کہ پنجاب نے کبھی خود کو دوسرے صوبوں سے الگ نہیں سمجھا، بلکہ بڑے بھائی کی حیثیت سے دیگر صوبوں کی رہنمائی اور تجربات شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ جو صوبے یا سیاسی جماعتیں پنجاب کے مختلف منصوبوں اور پالیسیوں سے سیکھ رہی ہیں، انہیں پنجاب پر انگلی اٹھانے کے بجائے مثبت انداز میں تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ صوبوں کے درمیان مقابلہ الزام تراشی کے بجائے عوامی خدمت اور بہتر کارکردگی کا ہونا چاہیے، اگر کسی صوبے میں کوئی اچھا منصوبہ شروع ہوتا ہے تو دوسرے صوبوں کو بھی اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ پورے ملک کے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صحت، تعلیم، انفرااسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں عوامی فلاح کے منصوبوں کو آگے بڑھا رہی ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ ان منصوبوں کے ثمرات براہ راست عام شہری تک پہنچیں

وزیر اطلاعات پنجاب نے ایک بار پھر کہا کہ پنجاب بڑے بھائی کے طور پر خلوص نیت کے ساتھ تمام صوبوں کی رہنمائی اور تعاون کے لیے دستیاب ہے، تاہم صوبوں کے درمیان مثبت اور تعمیری سیاسی رویہ برقرار رہنا چاہیے۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق عوامی فلاح اور ملکی ترقی کے لیے صوبوں کے درمیان صحت مند مقابلہ اور ایک دوسرے کے کامیاب تجربات سے استفادہ کرنا وقت کی ضرورت ہے، جبکہ سیاسی اختلافات کو عوامی سہولیات کی فراہمی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔