سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے جاری کردہ نقشے میں شہر کی مختلف شاہراہوں اور اہم مقامات کے لیے متبادل راستوں کی نشاندہی کی گئی ہے تاکہ ممکنہ ٹریفک بندشوں کے دوران شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ٹریفک پلان کے مطابق شہریوں کی رہنمائی کے لیے مختلف سڑکوں کو متبادل راستوں کے طور پر دکھایا گیا ہے، جبکہ نقشے میں بند راستوں اور ٹریفک کی روانی کے لیے دستیاب سڑکوں کو الگ الگ رنگوں سے واضح کیا گیا ہے۔

سٹی ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دورانِ سفر جاری کردہ ٹریفک پلان کو مدنظر رکھیں اور غیر ضروری طور پر بندش والے راستوں کی جانب جانے سے گریز کریں۔

ٹریفک سے متعلق معلومات، رہنمائی یا شکایات کے لیے شہری ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ شہریوں کی سہولت کے لیے رابطہ ایپ اور دیگر ذرائع بھی فراہم کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں ممکنہ گورنر راج یا ایمرجنسی کے حوالے سے سیاسی سرگرمیوں اور حکومتی فیصلوں پر توجہ مرکوز ہے۔ ایسے میں پشاور کی اہم شاہراہوں پر ممکنہ پابندیوں کے پیش نظر ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل راستوں کا اعلان شہریوں کی آمدورفت برقرار رکھنے کی کوشش ہے۔