پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا فائنل آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جا رہا ہے، جہاں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

فائنل میچ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے۔ پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 326 رنز کا ہدف ملا ہے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور حارث رؤف نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ نسیم شاہ نے 10 اوورز میں 80 رنز دیے، جب کہ حارث رؤف نے 10 اوورز میں 60 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دونوں ٹیمیں ٹرافی جیتنے کے لیے میدان میں اتری ہیں۔ پاکستانی ٹیم میں شاداب خان کی جگہ فہیم اشرف کو شامل کیا گیا ہے۔

فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ میں حصہ لیا۔ قومی ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں، جب کہ سری لنکن ٹیم کی کپتانی کوشل مینڈس کے سپرد ہے۔

پاکستان نے تین ملکی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف دونوں میچز، جب کہ سری لنکا کے خلاف ایک میچ میں کامیابی حاصل کی تھی۔ گرین شرٹس کی نظریں ہوم گراؤنڈ پر پہلی مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل تین ملکی سیریز کی ٹرافی جیتنے پر مرکوز ہیں۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان کے لیے سلمان علی آغا نمایاں بیٹر رہے ہیں، جنہوں نے 158 رنز بنائے۔ بولنگ کے شعبے میں عرفات منہاس نے چار میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ کپتان شاہین شاہ آفریدی 8 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔

فائنل سے قبل گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ٹیم نے اب تک اچھی کارکردگی دکھائی ہے، تاہم کچھ شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے۔ ٹاپ آرڈر میں رنز بنانے اور بڑی شراکتیں قائم کرنے پر توجہ دینا ہوگی۔

شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ شائقین کرکٹ نے ہمیشہ قومی ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کی ہے اور انہیں امید ہے کہ بڑی تعداد میں تماشائی اسٹیڈیم پہنچ کر ٹیم کا حوصلہ بڑھائیں گے۔

قومی کپتان نے فائنل میں اچھی کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم فیصلہ کن مقابلے کے لیے پُرامید ہے۔

دوسری جانب سری لنکن ٹیم کے کپتان کوشل مینڈس نے بھی فائنل جیتنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری ٹیم کے لیے ایک بڑا اور اہم میچ ہے، جس کے لیے بھرپور تیاری کی ہے اور ہم اس مقابلے کے منتظر ہیں۔

کوشل مینڈس نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ میچوں میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے، جب کہ گزشتہ میچ میں سری لنکا کی کارکردگی بھی بہت اچھی رہی تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سری لنکا میں سب لوگ ٹیم کی کارکردگی سے خوش ہیں۔ پاکستانی شائقین نے بھی سری لنکن کھلاڑیوں کو بھرپور سپورٹ فراہم کی، جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔