پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں سب سے زیادہ 130 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اٹک میں 79، لاہور ایئرپورٹ پر 65، وزیرآباد میں 50 جبکہ گوجرانوالہ اور جہلم میں 39 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
اسی طرح نارووال میں 33، منڈی بہاؤالدین میں 30، گجرات میں 19، سیالکوٹ میں 11 اور مری میں 7 ملی میٹر بارش ہوئی۔
پی ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق مون سون بارشوں کا چھٹا اسپیل 21 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد سیف انور جپہ نے شہریوں کو آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہریوں کو دوران سفر احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کو بارش کے دوران گاڑی اور موٹرسائیکل کی رفتار کم رکھنے، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھنے اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ڈرائیونگ کے دوران اپنی لین میں رہنے، سائیڈ شیشوں، انڈیکیٹرز اور سیٹ بیلٹ کا استعمال یقینی بنایا جائے۔
موٹرسائیکل سواروں کو انتہائی بائیں لین میں سفر کرنے اور ہیلمٹ لازمی استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران شہریوں کی سہولت اور آگاہی کے لیے سڑکوں پر موجود ہیں۔







