پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن 8 نومبر کو کیا گیا، جس کے دوران ان ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں تیار شدہ دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات (آئی ای ڈیز)، دھماکا خیز مواد تیار کرنے کا سامان، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے مساجد کو دھماکا خیز مواد ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا تھا، جبکہ وہاں مبینہ طور پر تشدد کے مراکز بھی قائم کیے گئے تھے۔

بیان میں ان کارروائیوں کو عبادت گاہوں کی بے حرمتی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ فتنۃ الخوارج کی جانب سے مذہب کی من پسند تشریح اور اس کے غلط استعمال کو خیبر پختونخوا اور پاکستان کے عوام مسترد کرتے ہیں۔ آئی ایس پی آر نے ان دہشت گردوں کو بھارتی پراکسی قرار دیتے ہوئے افغان طالبان کی پشت پناہی کا الزام بھی عائد کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ دیگر ٹھکانوں کی تلاش اور صفائی کے لیے کارروائی جاری ہے، جب کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے آپریشن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

دوسری جانب وزیراعظم نے آپریشن میں سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مساجد میں دھماکا خیز مواد ذخیرہ کرنا اسلام اور مقدس مقامات کی بے حرمتی ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فتنۃ الخوارج نے مساجد کو دہشت گردی اور اسلحہ ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا، جو انتہائی افسوس ناک ہے۔