فیصل آباد پولیس کے مطابق ملزم حامد دکان دار سے کرایہ لینے گیا تھا، تاہم اس کے نہ ملنے پر مشتعل ہوگیا اور سیلز گرل کو مارنا شروع کردیا۔ واقعے کی فوٹیج سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہوگئی۔
بعد ازاں مدینہ ٹاؤن پولیس نے ملزم حامد کو گرفتار کرکے اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی۔ ملزم کے کرایہ دار نے خواتین کے ملبوسات کی دکان بنا رکھی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کرایہ لینے دکان پر گیا تھا، جہاں دکاندار کے نہ ملنے پر مشتعل ہوکر اس نے سیلز گرل کو دھمکیاں دینا اور گالیاں دینا شروع کردیں۔
سیلز گرل پر تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑکی کی جانب سے روکنے پر ملزم حامد نے اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
فوٹیج میں ملزم حامد دکان میں سیلز گرل سے بحث کرتا نظر آتا ہے، جس کے بعد وہ لڑکی کو تھپڑ مارتا ہے۔ ملزم کے دھکا دینے سے متاثرہ لڑکی فرش پر گر جاتی ہے، جس کے بعد ملزم حامد دکان سے فرار ہوتا دکھائی دیتا ہے۔
فیصل آباد کے کوہ نور پلازہ میں سیلز گرل پر تشدد کرنے والے ملزم کو متاثرہ لڑکی نے پولیس کی موجودگی میں تھپڑ رسید کردیے۔ واقعے کے بعد پیش آنے والے اس منظر نے انصاف کے طریقۂ کار پر کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق واقعے کی ویڈیو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی کسی غریب یا کمزور پر ہاتھ اٹھاتا ہے تو اب اسے جواب کے لیے بھی تیار رہنا ہوگا۔ کوئی بھی شخص، خواہ وہ کتنا ہی امیر، بااثر یا طاقتور کیوں نہ ہو، اب کسی عام شہری کو دھمکا یا نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کمزور اور مظلوم کے ساتھ کھڑی ہوں گی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کریں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اب امیر کو غریب پر اور طاقتور کو کمزور پر ظلم کرنے کی کھلی چھوٹ نہیں ملے گی، حکومت ایسے اقدامات کا جواب دے گی۔







