دریائے سندھ میں تربیلا، کالاباغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے، جبکہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران دریائے راوی اور چناب میں بھی نچلے درجے کے سیلاب کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 17 سے 19 اگست کے دوران دریائے راوی اور چناب سے ملحقہ ندی نالوں میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور شیخوپورہ میں بھی بارش کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے پشاور، مردان، سوات، ایبٹ آباد اور ہری پور میں موسلا دھار بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

دریائے سندھ کے بالائی علاقوں، ڈیرہ غازی خان اور میانوالی سمیت بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں بھی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور کشمیر میں وسیع پیمانے پر تیز بارشیں ہوسکتی ہیں، جبکہ دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان کے اضلاع استور، دیامر، گلگت اور اسکردو میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ چنیوٹ، فیصل آباد، ننکانہ صاحب اور اوکاڑہ سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان کے اضلاع بارکھان اور شیرانی میں بھی بارش کے امکان کے پیش نظر انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔