سپارکو کے ماہرین کے مطابق مشتری، عطارد، مریخ، زحل، یورینس اور نیپچون طلوع آفتاب سے قبل ایک ساتھ دکھائی دیں گے۔ یہ منظر سورج طلوع ہونے سے تقریباً 45 سے 60 منٹ قبل مشرقی افق پر دیکھا جا سکے گا۔
ماہرین کے مطابق مریخ، زحل اور مشتری کو عام آنکھ سے دیکھا جا سکے گا، جب کہ عطارد افق کے انتہائی قریب ہونے کے باعث اس کا مشاہدہ قدرے مشکل ہوگا۔
اسی طرح یورینس اور نیپچون کو دیکھنے کے لیے ٹیلی اسکوپ یا دوربین کی ضرورت ہوگی، کیونکہ یہ دونوں سیارے عام آنکھ سے واضح طور پر نظر نہیں آئیں گے۔
ماہرین نے واضح کیا کہ سیاروں کا ایک قطار میں دکھائی دینا دراصل زمین سے دیکھنے کے زاویے کا نتیجہ ہے۔ خلا میں یہ تمام سیارے حقیقی معنوں میں ایک سیدھی لائن میں موجود نہیں ہوں گے۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس فلکیاتی منظر کو دیکھنے کے لیے کھلے مقام کا انتخاب کریں، جہاں مشرقی افق واضح طور پر نظر آتا ہو۔







