آئی سی ٹی انڈسٹری کے مطابق ایپل کی جانب سے 9 ستمبر کو اپنے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کے اعلان کے بعد ایک ہفتے کے دوران جنوبی کوریا میں گلیکسی زیڈ فولڈ 8 کی فروخت گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں تقریباً 10 فیصد بڑھ گئی۔
صنعتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ صارفین نے فولڈ ایبل فون خریدنے کا فیصلہ اس وقت تک مؤخر رکھا جب تک ایپل اپنی ڈیوائس متعارف نہیں کرا دیتا۔ ایپل کا فولڈ ایبل فون سامنے آنے کے بعد ان صارفین نے سام سنگ کی ڈیوائس خریدنے کو ترجیح دی۔
رپورٹ کے مطابق ایپل کی فولڈ ایبل فون مارکیٹ میں آمد نے اس شعبے میں صارفین کی دلچسپی بڑھائی ہے، تاہم قیمت اور دستیابی نے بھی خریداری کے فیصلوں میں اہم کردار ادا کیا۔
جنوبی کوریا میں دونوں فونز کی قیمتوں میں 10 لاکھ وون سے زیادہ کا فرق ہے۔ 256 جی بی اسٹوریج والے آئی فون ڈیو کی قیمت 32 لاکھ 90 ہزار وون مقرر کی گئی ہے، جو اسی اسٹوریج کے گلیکسی زیڈ فولڈ 8 کی 22 لاکھ 80 ہزار وون قیمت سے 10 لاکھ 10 ہزار وون زیادہ ہے۔
آئی فون ڈیو کے سب سے مہنگے 2 ٹی بی ماڈل کی قیمت 50 لاکھ 90 ہزار وون مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب امریکا میں اسی اسٹوریج گنجائش والے دونوں ماڈلز کے درمیان قیمت کا فرق تقریباً 100 ڈالر ہے۔
یوں ایپل کی فولڈ ایبل فون مارکیٹ میں آمد کے باوجود جنوبی کوریا میں سام سنگ کے گلیکسی زیڈ فولڈ 8 کی فروخت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جسے صنعتی ذرائع صارفین کی جانب سے قیمت اور دستیابی سمیت مختلف عوامل کی بنیاد پر خریداری کے فیصلے سے جوڑ رہے ہیں۔







