کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ نئے فیچرز کے ذریعے صارفین اپنے ان باکس اور ڈاکومنٹس سے متعلق سوالات پوچھنے کے ساتھ ساتھ دیگر تفصیلات بھی حاصل کرسکیں گے۔
گوگل نے ان فیچرز کا ابتدائی پریویو مئی 2026 میں اپنی سالانہ آئی او کانفرنس کے موقع پر پیش کیا تھا، جبکہ اب انہیں جی میل لائیو، ڈاکس لائیو اور کیپ لائیو کے نام سے متعارف کرایا گیا ہے۔
جی میل میں صارفین کو اب سرچ باکس میں مطلوبہ معلومات ٹائپ کرنے کے بجائے جیمنائی پر مبنی اے آئی اسسٹنٹ سے اپنے ان باکس میں موجود مواد سے متعلق سوالات پوچھنے کی سہولت حاصل ہوگی۔ اے آئی اسسٹنٹ کے ساتھ چیٹ کے دوران صارفین کو لائیو ٹرانسکرپٹ بھی نظر آئے گا۔
اسی طرح ڈاکس میں لائیو فیچر کے ذریعے صارفین اے آئی اسسٹنٹ کو یہ بتاسکیں گے کہ وہ کیا تحریر کرنا چاہتے ہیں، جس کے بعد اے آئی ان کے لیے ابتدائی ڈرافٹ تیار کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔
اے آئی اسسٹنٹ ڈرافٹ کی تیاری کے لیے جی میل، گوگل ڈرائیو، چیٹ اور ویب سے متعلقہ تفصیلات بھی فراہم کرسکے گا، جس سے صارفین کے لیے مطلوبہ مواد تیار کرنا مزید آسان ہوجائے گا۔
گوگل کے مطابق جی میل لائیو فیچر گوگل اے آئی پلس، پرو اور الٹرا سبسکرائبرز کے لیے دستیاب ہوگا، جبکہ ڈاکس لائیو اور کیپ لائیو فیچرز گوگل اے آئی پرو اور الٹرا صارفین کو فراہم کیے جائیں گے۔







