ڈارون میں بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز اسٹیو اسمتھ نے 3 کیچز پکڑے، جس کے بعد ان کے ٹیسٹ کیچز کی تعداد 218 ہوگئی۔ اسمتھ نے یہ سنگ میل اپنے 124ویں ٹیسٹ میچ میں حاصل کیا۔
انگلینڈ کے جو روٹ بھی 166 ٹیسٹ میچز میں 218 کیچز پکڑ کر اس فہرست میں اسٹیو اسمتھ کے ہم پلہ ہیں۔ یوں ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ کیچز لینے کا عالمی ریکارڈ اب اسمتھ اور روٹ کے پاس مشترکہ طور پر موجود ہے۔
بھارت کے سابق کپتان اور کوچ راہول ڈریوڈ 210 کیچز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، جب کہ سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردنے نے 149 ٹیسٹ میچز میں 205 کیچز پکڑے۔ جنوبی افریقا کے سابق آل راؤنڈر جیک کیلس 166 ٹیسٹ میچز میں 200 کیچز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
ٹاپ پوزیشن پر موجود اسٹیو اسمتھ اور جو روٹ کے درمیان اب اس عالمی ریکارڈ کو اپنے نام رکھنے کی جنگ جاری رہے گی۔
آسٹریلوی ٹیم اس وقت بنگلادیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں مصروف ہے، جب کہ انگلینڈ کی ٹیم 19 اگست سے پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز کرے گی۔







