راولپنڈی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم کی جانب سے طیب عارف، محمد طہٰ، عرفات منہاس اور ثاقب خان پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ان چار کھلاڑیوں میں دو بیٹرز، ایک اسپن بولنگ آل راؤنڈر اور ایک فاسٹ بولر شامل ہیں۔
پاکستان کی جانب سے اذان اویس اور طیب عارف نے پہلی وکٹ کے لیے 86 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 86 رنز پر گری، جب اذان اویس 30 رنز بنانے کے بعد ملان رتھنائیکے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے طیب عارف نے پہلے ہی میچ میں جارحانہ انداز اپناتے ہوئے سری لنکن بولرز پر دباؤ بڑھایا۔ انہوں نے محض 51 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 9 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
پاکستان نے 86 رنز پر پہلی اور 90 رنز پر دوسری وکٹ گنوائی، جس کے بعد سری لنکا کو میچ میں واپسی کا موقع ملا۔
ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد کپتان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ڈیبیو کرنے والے دوسرے کھلاڑی محمد طہٰ کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور تیسری وکٹ کے لیے اہم شراکت داری قائم کی۔
بابر اعظم نے 58 گیندوں پر 50 رنز اسکور کیے، تاہم وہ 159 کے مجموعی اسکور پر ملان رتھنائیکے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ان کی اننگز میں 7 چوکے شامل تھے۔
بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد سعود شکیل نے محمد طہٰ کا ساتھ دیا اور چوتھی وکٹ کے لیے 68 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ محمد طہٰ نے محتاط انداز اپناتے ہوئے اپنے ڈیبیو میچ میں نصف سنچری اسکور کی۔
چائے کے وقفے کے بعد پاکستان کو محمد طہٰ کی وکٹ کی صورت میں 227 کے مجموعی اسکور پر چوتھا نقصان اٹھانا پڑا۔ محمد طہٰ نے 6 چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔
سعود شکیل اور سلمان علی آغا نے اسکور کو آگے بڑھانے کی کوشش کی، تاہم 253 رنز کے مجموعی اسکور پر سلمان علی آغا بھی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنینڈو نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ دلشان مدوشنکا، ملان رتھنائیکے اور سونل ڈنشا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں نئی ٹیم میدان میں اتاری ہے، جس میں چار کھلاڑی اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کر رہے ہیں۔
قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں اذان اویس، طیب عارف، محمد طہٰ، بابر اعظم، سعود شکیل، سلمان علی آغا، غازی غوری، عرفات منہاس، رضوان اللہ، محمد عباس اور ثاقب خان شامل ہیں۔
سری لنکا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی پلیئنگ الیون میں تجربہ کار اسپنر پربتھ جے سوریا کو شامل نہیں کیا اور چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا۔
پنڈی اسٹیڈیم میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ پچ پر گھاس موجود ہے، جس سے ابتدائی سیشن میں فاسٹ بولرز کو مدد مل سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پچ فاسٹ بولنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے اور پہلا سیشن بہت اہم ہوگا۔
سری لنکا کی پلیئنگ الیون میں کوشل مینڈس، لہرو اودارا، پاسندو سوریا بندارا، دنیش چندی مل، کمیندو مینڈس، دھننجایا ڈی سلوا، سونل دینوشا، ملان رتھنائیکے، لہرو کمارا، اسیتھا فرنینڈو اور دلشان مدوشناکا شامل ہیں۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے موجودہ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان آخری یعنی نویں نمبر پر ہے، جب کہ سری لنکا ساتویں پوزیشن پر موجود ہے۔ دونوں ٹیموں کے لیے یہ ٹیسٹ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے کا اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔







