لاہور قلندرز کے ترجمان کے مطابق امین الاسلام ہائی پرفارمنس سینٹرز کی ترقی، کھلاڑیوں کی تربیت، کوچنگ کے جدید طریقوں میں بہتری اور نوجوان کرکٹرز کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنی تجاویز اور تجربہ بروئے کار لائیں گے۔

امین الاسلام کو بین الاقوامی کرکٹ اور کرکٹ ڈویلپمنٹ کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ 2015 سے 2025 تک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں ایشیا کے لیے کرکٹ ڈویلپمنٹ منیجر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، جب کہ اس سے قبل ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) میں کرکٹ ڈویلپمنٹ آفیسر بھی رہے۔ وہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر کی ذمہ داری بھی نبھا چکے ہیں۔

بطور کھلاڑی امین الاسلام نے 1988 سے 2002 تک بنگلادیش کی نمائندگی کی اور 1999 کے آئی سی سی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی قیادت بھی کی۔

لاہور قلندرز کو امید ہے کہ ان کا تجربہ ہائی پرفارمنس سینٹرز کی بہتری، نوجوان ٹیلنٹ کی تلاش اور کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

واضح رہے کہ لاہور قلندرز نے 2016 میں پی ایس ایل کے سفر کا آغاز کیا تھا۔ ابتدائی چار سیزنز میں ٹیم پلے آف تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی، تاہم 2020 میں پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچی، جہاں اسے کراچی کنگز کے ہاتھوں شکست ہوئی۔

2022 میں شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو فائنل میں 42 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹائٹل جیتا۔ ٹیم نے 2023 میں بھی ملتان سلطانز کو ایک رن سے ہرا کر مسلسل دوسری مرتبہ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

2024 میں ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی اور وہ پورے سیزن میں صرف ایک میچ جیت سکی، تاہم 2025 میں واپسی کرتے ہوئے لاہور قلندرز نے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری مرتبہ پی ایس ایل ٹرافی اپنے نام کی۔

2026 کے سیزن میں دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کی کارکردگی ایک بار پھر متاثر کن نہ رہی اور ٹیم پانچویں پوزیشن پر رہنے کے باعث پلے آف مرحلے میں جگہ نہ بنا سکی۔