انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم ارجن راجپوت کی سنچری کے باوجود پوری ٹیم 208 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ارجن راجپوت نے 85 گیندوں پر 107 رنز اسکور کیے، جن میں 11 چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔

پاکستان کو پہلے ہی اوور میں اہم کامیابی ملی، جب کپتان لکشیا رائے چندانی کو علی رضا نے بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ کردیا۔

آریا ویر سہواگ نے 40 گیندوں پر 22 رنز بنائے، جبکہ وی کے ونیث صرف 8 رنز بنا سکے۔ یوں بھارت 11.4 اوورز میں 22 رنز پر تین وکٹیں گنوا چکا تھا۔

اس موقع پر ارجن راجپوت نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی اننگز کو سنبھالا اور اہم رنز جوڑے۔ انہیں انوے ڈریوڈ (10) اور منال چوہان (11) کا ساتھ ملا، جبکہ کاویا پریش پٹیل نے 45 گیندوں پر 23 رنز اسکور کیے۔

ارجن راجپوت 35.2 اوورز میں 170 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے تو بھارتی اننگز ایک بار پھر لڑکھڑا گئی اور ٹیم نے اپنے آخری پانچ کھلاڑی صرف 38 رنز کے اضافے پر کھو دیے۔

پاکستان کی جانب سے علی رضا، رضوان اللہ اور نقاب شفیق نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد سمیع نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

رضوان اللہ نے سات اوورز میں 24 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ علی رضا نے 10 اوورز میں 37 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ محمد سمیع نے 8.3 اوورز میں 27 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارت نے 13 اضافی رنز سمیت مجموعی طور پر 208 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 209 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کر رہی ہے۔