پی سی بی کے مطابق فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر عامر جمال، نوجوان فاسٹ بولر علی شبیر، بیٹر محمد طیب عارف اور فاسٹ بولر ثاقب خان کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

محمد طیب عارف، علی شبیر اور ثاقب خان پہلی مرتبہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہوئے ہیں۔ تینوں کھلاڑیوں نے 4 سے 6 نومبر تک اسلام آباد کلب میں سری لنکا کے خلاف پیٹرنز الیون کی جانب سے تین روزہ پریکٹس میچ بھی کھیلا تھا۔ دوسری جانب علی عثمان اور عبداللہ فضل کو اسکواڈ سے ریلیز کردیا گیا ہے۔

عامر جمال پاکستان کی جانب سے اب تک 9 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 6 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون کے فائنل میں 7 وکٹیں حاصل کرنے کے علاوہ 55 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

محمد طیب عارف نے ڈپارٹمنٹل فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں کنگزمین اکیڈمی کی جانب سے 7 میچز میں 66.09 کی اوسط سے 727 رنز بنائے، جن میں 3 سنچریاں شامل تھیں۔

19 سالہ فاسٹ بولر علی شبیر نے 8 فرسٹ کلاس میچز میں 22 وکٹیں حاصل کی ہیں، جبکہ سری لنکا کے خلاف پریکٹس میچ میں بھی انہوں نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ثاقب خان نے قائداعظم ٹرافی 2025-26 میں کراچی بلیوز کی نمائندگی کرتے ہوئے 9 میچز میں 20.60 کی اوسط سے 47 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی بہترین بولنگ 34 رنز کے عوض 7 وکٹیں رہی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ پیر 9 نومبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کا 16 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ

بابر اعظم (کپتان)، عامر جمال، علی شبیر، عرفات منہاس، اذان اویس، محمد عباس، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، محمد سلیمان، محمد طٰہٰ، محمد طیب عارف، رضاؤ اللہ، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، سمیر منہاس، ثاقب خان اور سعود شکیل۔