کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق پاتھم نسانکا بائیں ران کے پٹھے میں انجری کے باعث پاکستان میں ہونے والی سہ ملکی ون ڈے سیریز میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔
پاتھم نسانکا کو انگلینڈ کے دورے کے دوران انجری ہوئی تھی اور وہ تاحال مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہوسکے۔ انہیں سہ ملکی سیریز کے لیے سری لنکا کے 16 رکنی اسکواڈ میں فٹنس سے مشروط طور پر شامل کیا گیا تھا، تاہم مکمل فٹ نہ ہونے کے باعث انہیں اسکواڈ سے باہر کردیا گیا۔
سری لنکا کرکٹ بورڈ نے نسانکا کے متبادل کے طور پر لاہیرو اودارا کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ 32 سالہ اودارا سری لنکا کی جانب سے 5 ٹیسٹ اور 7 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، تاہم انہوں نے اب تک ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو نہیں کیا۔
لاہیرو اودارا کو پاکستان کے خلاف حالیہ ٹی 20 سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد وائٹ بال اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں 55 گیندوں پر 91 رنز کی اننگز کھیلی تھی، جو سیریز میں کسی بھی سری لنکن بیٹر کا سب سے بڑا انفرادی اسکور تھا۔
اودارا نے رواں سال جولائی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ میں 188 رنز کی شاندار اننگز بھی کھیلی تھی، تاہم اس کے بعد وہ 5 ٹیسٹ اننگز میں 30 رنز کا ہندسہ عبور نہیں کرسکے۔
لاہیرو اودارا نے 97 لسٹ اے اننگز میں 32.09 کی اوسط اور 85.97 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے ہیں۔
دوسری جانب پاتھم نسانکا کی عدم دستیابی سری لنکن ٹیم کے لیے بڑا نقصان قرار دی جارہی ہے، کیونکہ وہ بطور اوپننگ بیٹر اننگز کے آغاز میں ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
2024 سے اب تک سری لنکا کے بیٹرز میں صرف نئے کپتان کوشل مینڈس نے نسانکا سے زیادہ ون ڈے رنز بنائے ہیں۔ اس عرصے کے دوران کوشل مینڈس نے 1,324 رنز بنائے ہیں۔
پاتھم نسانکا اب پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے افتتاحی میچ سے قبل مکمل فٹ ہونے کی کوشش کریں گے، جو 9 نومبر کو راولپنڈی میں شروع ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ہونے والی 7 میچز پر مشتمل سہ ملکی ون ڈے سیریز 18 اکتوبر سے شروع ہوگی، جس میں میزبان پاکستان کے علاوہ سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ سیریز کے میچز راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے، جب کہ افتتاحی میچ میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی۔
سری لنکا اس سے قبل پاکستان کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل سیریز میں بھی حصہ لے چکا ہے، جس میں میزبان پاکستان نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی تھی۔







