ووگ میگزین کو دیے گئے ایک تازہ انٹرویو میں کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ وہ فٹبال کو ایک شاندار میراث چھوڑ کر الوداع کہنا چاہتے ہیں، 25 سالہ کیریئر کے دوران انہوں نے بہت سی قربانیاں دیں اور اب وہ اپنی اہلیہ اور خاندان کے ساتھ زندگی کے نئے مرحلے سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔

رونالڈو نے مستقبل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فٹبال سے دوری کے بعد زندگی میں ایک بڑا خلا پیدا ہوسکتا ہے، اس لیے وہ اپنے وقت کو مختلف سرگرمیوں میں مصروف رکھنا چاہتے ہیں، سفر کرنے، خاندان کے ساتھ وقت گزارنے اور پیڈل کھیلنے میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔

کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے 25 سالہ کیریئر کے دوران کلب اور قومی ٹیم کی جانب سے 950 سے زائد گول اسکور کیے ہیں اور فٹبال کی تاریخ کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں اپنا نام درج کرایا ہے۔ وہ اس وقت سعودی عرب کے کلب النصر کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

رونالڈو نے اپنے کیریئر میں اسپورٹنگ لزبن کے علاوہ مانچسٹر یونائیٹڈ، ریئل میڈرڈ اور یووینٹس جیسے بڑے کلبز کی نمائندگی کی، جبکہ پرتگال کی قومی ٹیم کے ساتھ بھی کئی اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ وہ پانچ مرتبہ بیلن ڈی اور ایوارڈ جیت چکے ہیں اور تقریباً ایک ہزار گولز کے تاریخی سنگ میل کے قریب پہنچ چکے ہیں

رونالڈو کے لیے 2026 کا ورلڈ کپ بھی ان کے بین الاقوامی کیریئر کے آخری بڑے مرحلے میں شمار کیا جا رہا ہے۔ وہ پرتگال کی قیادت کرتے ہوئے ایک اور عالمی کپ مہم میں حصہ لینے کی تیاری کر رہے ہیں، جس کے بعد ان کے مستقبل کے حوالے سے قیاس آرائیاں مزید بڑھ گئی ہیں۔

اگرچہ رونالڈو نے حتمی ریٹائرمنٹ کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، تاہم ’یہ ممکنہ طور پر میرا آخری سال ہے‘ کا بیان ان کی جانب سے اب تک کا سب سے واضح اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کا النصر کے ساتھ معاہدہ 2027 تک ہے، اس لیے حتمی فیصلہ ان کی اپنی صوابدید اور آئندہ سیزن کے حالات پر منحصر ہوگا

رونالڈو کی ذاتی زندگی میں بھی حال ہی میں ایک اہم تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے اپنی دیرینہ ساتھی جارجینا روڈریگز کے ساتھ 11 اگست کو پرتگال کے ساحلی شہر کاسکائس میں نجی تقریب کے دوران شادی کی۔ تقریب میں ان کے پانچ بچے بھی شریک تھے۔

فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے بعد رونالڈو کا کہنا ہے کہ وہ زندگی کے نئے پہلوؤں کو وقت دینا چاہتے ہیں، 25 سال تک فٹبال میں مسلسل محنت اور قربانیوں کے بعد اب وہ اپنے خاندان، سفر اور ان سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کے خواہاں ہیں جن کے لیے انہیں کھیل کے دوران زیادہ وقت نہیں مل سکا۔

کرسٹیانو رونالڈو کا ممکنہ ریٹائرمنٹ کا اعلان فٹبال کی دنیا کے لیے ایک بڑے دور کے اختتام کی جانب اشارہ ہے، کیونکہ ان کا شمار کھیل کی تاریخ کے سب سے زیادہ مقبول، کامیاب اور بااثر کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔