پی سی بی کے مطابق سری لنکا کی ٹیم 4 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی اور 9 سے 13 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف 3 ٹی20 میچز کھیلے گی۔ ٹی20 سیریز کا پہلا میچ 9 اکتوبر، دوسرا 11 اکتوبر جبکہ تیسرا میچ 13 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
اس کے بعد انگلینڈ کی ٹیم پاکستان پہنچے گی، جہاں پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز کھیلی جائے گی۔ ٹرائی سیریز کے میچز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں ہوں گے۔
ٹرائی سیریز کا پہلا میچ 18 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، جبکہ 20 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
22 اکتوبر کو سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا، جس کے بعد تینوں ٹیمیں لاہور منتقل ہوجائیں گی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ، 27 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا جبکہ 29 اکتوبر کو سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔ ٹرائی سیریز کا فائنل 31 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔
ٹرائی سیریز کے بعد سری لنکا کی ٹیم اسلام آباد میں 4 سے 6 نومبر تک 3 روزہ میچ کھیلے گی، جس کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز ہوگی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 9 سے 13 نومبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17 سے 21 نومبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ یہ دونوں ٹیسٹ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کا حصہ ہوں گے۔
پاکستان میں ہونے والی یہ ون ڈے ٹرائی سیریز ملک میں مسلسل دوسرے سال اس فارمیٹ کی تین ملکی سیریز ہوگی۔ اس سے قبل پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے قبل نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے ساتھ فروری 2025 میں ون ڈے ٹرائی سیریز کی میزبانی کی تھی۔







