لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم 47ویں اوور میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جس کے بعد پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 242 رنز درکار ہیں۔
پاکستان کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ پاکستانی بولرز نے درست ثابت کیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے ابتدا میں انگلش بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کیا اور ٹاپ آرڈر کے 3 اہم کھلاڑیوں کو 19 کے مجموعی اسکور پر پویلین بھیج دیا۔
انگلینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور ٹام بینٹن 4 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ جو روٹ بھی 5 رنز بنا کر شاہین آفریدی کا شکار بنے، جبکہ کپتان ہیری بروک صرف ایک رن بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ جارڈن کاکس 6 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں سہ ملکی سیریز کے چوتھے میچ میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہیں، جہاں دونوں ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم میں 21 سال بعد ون ڈے میچ کھیل رہی ہیں۔
اس موقع پر پاکستان ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے انگلش ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ وکٹ کو دیکھ کر ٹیم میں ایک اسپنر شامل کیا ہے، ہماری کوشش ہے کہ مثبت چیزوں پر توجہ دیں اور میچ میں فتح حاصل کریں۔
شاہین شاہ آفریدی نے بتایا کہ انگلینڈ کے خلاف آج کے میچ میں پاکستان ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ نسیم شاہ اور فہیم اشرف کو ڈراپ کرکے رضا اللہ اور شاداب خان کو قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ رضا اللہ نے ون ڈے کرکٹ میں اپنا ڈیبیو کیا ہے۔
دوسری جانب انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے کہا کہ ٹاس جیتنے پر ہم بھی بیٹنگ کرتے۔ انگلینڈ نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، جوش ٹونگ باہر ہوگئے ہیں اور ان کی جگہ ہنری کروکوم نے اپنا ڈیبیو کیا ہے، جبکہ عادل رشید بدستور ٹیم سے باہر ہیں۔
آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں شاداب خان، رضا اللہ، صائم ایوب، فخر زمان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، سعد بیگ، حسن نواز، عرفات منہاس، شاہین شاہ آفریدی (کپتان) اور حارث رؤف شامل ہیں۔
انگلینڈ کی ٹیم میں ٹام بینٹن، بین ڈکٹ، جو روٹ، ہیری بروک (کپتان)، جارڈن کاکس (وکٹ کیپر)، سیم کرن، ول جیکس، جیمی اوورٹن، لیام ڈاسن، گس ایٹکنسن اور ہنری کروکوم شامل ہیں۔
یاد رہے کہ سہ ملکی سیریز کے پہلے 3 میچز راولپنڈی میں کھیلے گئے تھے، جہاں پاکستان نے اپنے ابتدائی دونوں میچز میں سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔ قومی ٹیم نے پہلے میچ میں سری لنکا کو 37 رنز جبکہ انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دی تھی۔
اسی طرح سری لنکا ایک میچ میں فاتح رہا جبکہ دوسرے میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جب کہ انگلینڈ اپنے پہلے دونوں میچز ہار چکا ہے۔
قومی ٹیم آج انگلینڈ کو شکست دے کر مسلسل تیسری فتح حاصل کرنے اور فائنل میں جگہ پکی کرنے کی کوشش کرے گی۔ اس میچ میں کامیابی قومی ٹیم کو سیریز کے فائنل میں پہنچا دے گی۔
بریسٹ کینسر سے آگاہی مہم کے سلسلے میں قومی ٹیم کے کھلاڑی آج کے میچ میں گلابی کٹ پہن کر میدان میں اترے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد چھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی پھیلانا اور اس مرض کی بروقت تشخیص کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔
اس میچ میں قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر میں 150 وکٹیں مکمل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے۔
شاہین آفریدی اس میچ میں انگلش اوپنر ٹام بینٹن کو آؤٹ کرکے پہلے پاکستانی فاسٹ بولرز میں شامل ہوگئے ہیں جنہوں نے کم ترین میچز میں 150 ون ڈے وکٹیں مکمل کی ہیں۔
وقار یونس اور شعیب اختر نے 91، 91 میچز میں 150 وکٹیں مکمل کی تھیں، جبکہ ثقلین مشتاق نے 78 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔
شاہین آفریدی کی قذافی اسٹیڈیم میں کارکردگی بھی نمایاں رہی ہے۔ وہ یہاں 6 میچز میں 16 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے 13 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں سے 9 میں کامیابی حاصل کی ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم میں 21 سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیل رہی ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اس میدان پر آخری ون ڈے میچ 12 دسمبر 2005 کو کھیلا گیا تھا، جس میں پاکستان نے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔







