ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ سابق امریکی صدر جارج بش کی طرح نہیں ہیں اور ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔ ان کے مطابق جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ سے عالمی سلامتی کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، اس لیے اس معاملے پر تمام متعلقہ ممالک کو مل کر کام کرنا چاہیے۔
دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی ایران کے جوہری پروگرام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا تہران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے رہا، کیونکہ ان کے بقول اگر ایران جوہری طاقت بن گیا تو وہ ان ہتھیاروں کو استعمال کرے گا۔
امریکی صدر نے عالمی جوہری طاقتوں کے ہتھیاروں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکا کے پاس تقریباً 4 ہزار جوہری ہتھیار موجود ہیں، جبکہ روس جوہری ہتھیاروں کی تعداد کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ہے۔ ٹرمپ کے مطابق چین کے پاس اس وقت تقریباً 600 جوہری ہتھیار ہیں، تاہم آئندہ 10 برس کے دوران چین کا جوہری ذخیرہ امریکی سطح تک پہنچ سکتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ فی الحال جوہری ہتھیاروں کے معاملے میں چین امریکا سے بہت پیچھے ہے۔ انہوں نے اپنے پہلے صدارتی دور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران امریکی جوہری ہتھیاروں کو جدید بنانے کے ساتھ نئے ہتھیار بھی تیار کیے گئے تھے۔
امریکی صدر نے جوہری ہتھیاروں میں کمی کے معاملے کو انتہائی مشکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ بطور صدر ان کے لیے یہ فیصلہ کرنا آسان نہیں کہ جوہری ہتھیاروں کی تعداد نصف کردی جائے یا دنیا کو ان ہتھیاروں سے مکمل طور پر پاک کرنے کی کوشش کی جائے۔ ان کے مطابق جوہری ہتھیاروں سے متعلق کسی بھی بڑے فیصلے کے عالمی سلامتی پر گہرے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے بے قابو ادارہ قرار دیتے ہوئے اس کے اختیارات پر سوالات اٹھائے، عالمی فوجداری عدالت کے پاس کسی ملک کے سربراہ کو گرفتار کرنے کا مبینہ طور پر جعلی اختیار ہے اور یہ ادارہ بلاوجہ ایسے اقدامات کر رہا ہے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ چین نے پہلی مرتبہ انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کی مذمت کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی فوجداری عدالت کے اختیارات اور اس کے طریقہ کار پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔
امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ وہ مختلف ممالک کے درمیان تنازعات اور کشیدگی کم کرنے کے لیے تجارت کو ایک مؤثر ذریعہ سمجھتے ہیں اور تجارتی تعلقات کے ذریعے عالمی سطح پر امن قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔







