رمضان المبارک کا مقدس مہینہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے برکتیں اور رحمتیں لے کر آتا ہے لیکن روزے کا دورانیہ ہر ملک اور شہر میں مختلف ہوتا ہے جوکہ طلوع آفتاب اور غروب آفتاب کے اوقات پر منحصر کرتا ہے۔
رواں برس رمضان المبارک کے دوران دنیا کا سب سے طویل روزہ سویڈن اور ناروے میں ہے جب کہ سب سے مختصر روزہ جنوبی امریکی ملک چلی میں ہے۔
سویڈن اور ناروے میں روزے کا دورانیہ ساڑھے 20 گھنٹے جب کہ گرین لینڈ اور آئس لینڈ میں روزہ 20 گھنٹے طویل ہوتا ہے۔
دوسری جانب سب سے کم دورانیے کا روزہ چلی میں ہے جہاں روزہ صرف 11 گھنٹے کا ہے، عرب ممالک میں سب سے طویل روزہ الجزائر میں ہوتا ہے جس کا دورانیہ 16 گھنٹے 44 منٹ ہے۔
سعودی عرب، مدینہ منورہ، نیویارک، امریکا اور ترکیہ میں روزے کا دورانیہ 13گھنٹے ہے جب کہ پاکستان میں روزے کا دورانیہ 12گھنٹے اور 58 منٹ ہے۔
برازیل، جنوبی افریقا، ارجنٹائن، نیوزی لینڈ، متحدہ عرب امارات ، بھارت اور انڈونیشیا میں روزہ ساڑھے 12 گھنٹے طویل ہے ۔
جنوبی افریقا میں جوہانسبرگ اور کیپ ٹاؤن کے ساتھ پیراگوئے میں سیوڈاڈ ڈیل ایسٹے، یوراگوئے میں مونٹیویڈیو میں روزے کا دورانیہ تقریباً 11 سے 12 گھنٹے ہے، یہ بھی دنیا کے مختصر ترین روزے کے دورانیے والے شہروں میں شامل ہیں۔
دنیا کے مختلف ممالک میں سورج کے طلوع و غروب کے اوقات مختلف ہونے کے باعث روزے کے دورانیے میں بھی نمایاں فرق پایا جاتا ہے۔