انڈیا نے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو چار وکٹوں سے شکست دے دی ۔ اب فائنل لاہور کے بجائے دبئی میں کھیلا جائے گا۔
اس فتح نے انڈیا کو مسلسل تیسری بار چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچا دیا اور اس کا مقابلہ جنوبی افریقہ یا نیوزی لینڈ سے ہوگا، جس کا فیصلہ کل دوسرے سیمی فائنل کے بعد ہو گا۔
انڈیانے آسٹریلیا کی جانب سے ملنے والا 265 رنز کا ہدف 48.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی 84 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔
انڈیا کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان روہت شرما اور شبمن گل نے کیا تاہم یہ جوڑی زیادہ دیر تک ساتھ نہ نبھا سکی اور شبمن گل 8 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ کپتان روہت شرما 28 رنز بناکر چلتے بنے۔
ویرات کوہلی اور اور شریاس آئیر کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ٹیم کے مجموعی سکور کو آگے بڑھایا تاہم شریاس آئیر 45 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، اکشر پٹیل 27 رنز بناکر بولڈ ہوئے ، ویرات کوہلی 84 جبکہ ہارڈک پانڈیا 28 رنز بناکر کیچ تھما بیٹھے۔
پانڈیا نے 24 گیندوں پر 28 رنز بنائے جبکہ راہول نے 34 گیندوں پر دو چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 42 رنز بنائے۔
دوسری جانب آسٹریلیا نے ناتھن ایلس اور زمپا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ دوارشوئس اور کونولی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز بہتر ثابت نہ ہوسکا اور پہلی وکٹ صرف 4 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب اوپننگ بلے باز کوپر کونولی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ دوسری وکٹ 54 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب جارح مزاج بلے باز ٹریوس ہیڈ 39 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اس طرح آسٹریلیا کی کارکردگی کچھ زیادہ بہتر ثابت نہ ہوئی اور پوری ٹیم 264 رنز پر ڈھیر ہو گی۔
بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 3، روندرا جڈیجا اور ورون چکرورتھی نے 2، 2، ہاردک پانڈیا اور اکشر پٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔