انڈین کرکٹ ٹٰم کے نائب کپتان شبھمن گل نے کہا ہے کہ ٹیم کی ساری توجہ چیمپیئنز ٹرافی جیتنے پر ہے، ڈریسنگ روم میں روہت شرما کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوتی۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گل نے کہا کہ ہم بھارت میں ورلڈ کپ کا فائنل ہار گئے تھے لیکن اس بار ٹیم ون ڈے ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے پوری طرح تیار ہے،ٹیم کا ماحول شاندار ہے اور ہر کھلاڑی اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ناک آؤٹ میچوں کے دباؤ کو تسلیم کرتے ہوئے گل نے ریمارکس دیے کہ یہ کہنا آسان ہے کہ کوئی دباؤ نہیں ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہر کھلاڑی اسے محسوس کرتا ہے۔ تاہم، تجربہ کار کھلاڑی جانتے ہیں کہ اسے کس طرح سنبھالنا ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل پر غور کرتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا کہ آسٹریلیا کا باؤلنگ اٹیک غیر معمولی طور پر مضبوط نہیں تھا، لیکن ہماری ٹیم نے سیمی فائنل کے دباؤ میں وکٹیں گنوائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد ہمیشہ صورتحال کے مطابق کھیلنا ہوتا ہے، ایک بلے باز کے طور پرمیں کھیل کے تقاضوں کے مطابق شاٹس کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں۔
انڈین ٹیم کی بلے بازی کی طاقت کی تعریف کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری بیٹنگ لائن اپ دنیا میں سب سے مضبوط ہے۔ ہر کھلاڑی اپنے کردار کو جانتا ہے اور توجہ ٹیم کی حکمت عملی کو کمال تک پہنچانے پر مرکوز ہے۔
صحافی نے شبھمن گل سےسوال کیا کہ کیا روہت شرما ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں؟
انہوں نےجواب دیا کہ ہماری ساری توجہ چیمپئنز ٹرافی جیتنے پر ہےاور ڈریسنگ روم میں صرف میچ اور چیمپئنز ٹرافی جیتنے کی بات ہو رہی ہے،ڈریسنگ روم میں روہت شرما کے کرکٹ چھوڑنے کی بات نہیں۔
واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کا کل فائنل نیوزی لینڈ اور انڈیا کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا،
انڈین ٹیم نے سیاسی کشیدگی کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی کے میزبان پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کرنے کے بعد اپنے تمام کھیل دبئی میں کھیلے ہیں اور اب انڈیا فائنل میں پہنچنے کی وجہ سے فائنل پاکستان میں ہونے کی بجائے دبئی میں کھیلا جائے گا۔