اپریل 4, 2025 4:27 شام

English / Urdu

Follw Us on:

540 ملین روپے کی خرد برد، اداکارہ نادیہ حسین مشکل میں پھنس گئیں

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
بغیر ثبوت کسی ادارے پر الزامات لگانا قانونی جرم ہے۔ (فوٹو: گوگل)

بینک الفلاح سیکیورٹیز میں 540 ملین روپے کی خرد برد معاملے میں بنا تصدیق کیے ایف آئی اے آفیسر پر رشوت کا الزام لگانا اداکارہ نادیہ حسین کو مہنگا پڑ گیا۔

ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے بینک الفلاح سیکیورٹیز میں 540 ملین روپے کی مبینہ خرد برد کے معاملے پر کارروائی کرتے ہوئے سابق سی ای او عاطف محمد خان کو گرفتار کیا، ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم عاطف محمد خان نے بطور سی ای او اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور مالیاتی دھوکہ دہی میں ملوث پایا گیا۔ ملزم کو 8 مارچ 2025 کو کراچی سے گرفتار کیا گیا اور اس کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

ملزم کی گرفتاری کے بعد اس کی اہلیہ اداکارہ نادیہ حسین کو ایک نامعلوم جعلساز کی جانب سے واٹس ایپ پر کال موصول ہوئی، جس میں ایف آئی اے کے ایک سینئر افسر کی تصویر بطور ڈی پی استعمال کی گئی۔ جعلساز نے مبینہ طور پر رشوت طلب کی۔

نادیہ حسین نے فوری طور پر ایف آئی اے کراچی سے رابطہ کیا، جس پر انہیں آگاہ کیا گیا کہ یہ ایک جعلی کال ہے اور انہیں سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر میں باضابطہ شکایت درج کروانے کی ہدایت کی گئی۔ تاہم، نادیہ حسین نے شکایت درج کروانے کے بجائے سوشل میڈیا پر ایف آئی اے کے خلاف الزامات لگانا شروع کر دیے۔

ایف آئی اے حکام نے نادیہ حسین کے سوشل میڈیا پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا اور واضح کیا کہ بغیر ثبوت کسی ادارے پر الزامات لگانا قانونی جرم ہے۔ سائبر کرائم ونگ کراچی نے نادیہ حسین کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ کسی بھی مشکوک کال یا دھوکہ دہی کی کوشش کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ ادارے سے رجوع کریں اور سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق کے الزامات لگانے سے گریز کریں، کیونکہ ایسا کرنا ملکی قوانین کے تحت سنگین جرم ہے۔

دوسری جانب جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نادیہ حسین نے کہا کہ ایف آئی اے کی ٹیم آج صبح آئی تھی، جس نے انہیں موصول ہونے والی فون کال اور ان کے بیان سے متعلق معلومات لیں۔

نادیہ حسین نے کہا کہ انہوں نے ایف آئی اے حکام کو ساری معلومات فراہم کیں، سوشل میڈیا پوسٹ کی ڈسکرپشن پر واضح کیا تھا کہ یہ فراڈکال ہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ پوسٹ کرنے سے قبل فراڈ کال سے متعلق ایف آئی اے کو آگاہ بھی کیا تھا۔

نادیہ حسین نے کہا کہ انہیں گرفتار نہیں کیا گیا اور اگلے ہفتے بیان ریکارڈ کرانے کے لیے بلایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اداکارہ نادیہ حسین نے سوشل میڈيا پر ایک آڈیو میسج شيئر کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ ان سے ایف آئی اے حکام نے شوہر کے کیس میں 50 لاکھ روپے رشوت طلب کی ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس