Follw Us on:

ٹوپی پر 804 لکھنے کا خمیازہ، عامر جمال پر 14 لاکھ روپے جرمانہ عائد

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
آل راؤنڈر عامر جمال کو سب سے زیادہ 14 لاکھ روپے کا جرمانہ کیا گیا۔ (فوٹو: اردو پوائنٹ)

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عامر جمال کو اپنی ٹوپی پر 804 لکھنا مہنگا پڑگیا، پی سی بی نے ڈسپلن کی خلاف ورزی پر عامر جمال پر 14 لاکھ جرمانہ عائد کردیا۔

نجی نشریاتی ادارے سماء نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈسپلن کی خلاف ورزی پر قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں پر لاکھوں روپے کے جرمانے عائد کیے ہیں، اکتوبر 2024 میں انگلینڈ کے خلاف ملتان ٹیسٹ سے لے کر حالیہ جنوبی افریقہ سیریز تک کھلاڑیوں پر مجموعی طور پر 33 لاکھ روپے کے جرمانے کیے گئے ہیں۔

ٹیسٹ میچ کے دوران اپنی ٹوپی پر “804” لکھنے والے آل راؤنڈر عامر جمال کو سب سے زیادہ 14 لاکھ روپے کا جرمانہ کیا گیا، جو کہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے۔

اس کے علاوہ آسٹریلیا کے دورے کے دوران رات دیر سے ہوٹل واپسی پر سلمان علی آغا، صائم ایوب اور عبداللہ شفیق پر پانچ پانچ لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

اسی طرح جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں دو منٹ کی تاخیر پر سفیان مقیم، عثمان خان، عباس آفریدی اور ایک اور فاسٹ بولر پر 200، 200 ڈالر کا جرمانہ کیا گیا۔

جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کی خوشی میں مذکورہ کھلاڑیوں کو 200-200 ڈالر کے جرمانے واپس کر دیے گئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ڈسپلنری معاملات اور جرمانے اندرونی معاملات ہیں اور قومی کھلاڑیوں کی ساکھ کو محفوظ رکھنے کے لیے ایسے فیصلے عوامی طور پر شیئر نہیں کیے جاتے۔

واضح رہے کہ یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب قومی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں مایوس کن کارکردگی کے باعث سخت تنقید کا سامنا ہے۔ دفاعی چیمپئن پاکستان 8 ٹیموں کے اس ٹورنامنٹ میں ایک بھی میچ جیتنے میں ناکام رہا۔

ٹیم کو اپنے پہلے دو میچوں میں نیوزی لینڈ اور بھارت کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا، جب کہ بنگلہ دیش کے خلاف گروپ مرحلے کا آخری میچ بارش کی نذر ہوگیا۔ اس کے نتیجے میں، قومی ٹیم ٹورنامنٹ کے پہلے ہی مرحلے میں باہر ہوگئی۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس