وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ عوام کو بجلی کے بل میں کمی کا بڑا ریلیف پیکج جلد متعارف کرایا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ یہ پیکج عوام کے لئے بجلی کی قیمتوں میں واضح کمی لانے کا باعث بنے گا اور اس کے لیے بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات کے ثمرات کو عوام تک پہنچایا جائے گا۔
اسلام آباد میں پاور ڈویژن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کام شروع کر دیا ہے کہ عوام کو بجلی کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں فوری ریلیف ملے۔
ان اصلاحات کی مدد سے حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے میں کامیاب ہو گی۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی سولرائزیشن پالیسی کے بارے میں جو غلط فہمیاں پھیلائی جا رہی ہیں انہیں دور کرنے کے لئے حقائق پر مبنی معلومات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ قابل تجدید توانائی کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ففتھ جنریشن وارفیئر ایک چیلنج میں تبدیل ہو چکی ہے: صدر پاکستان
اس کے علاوہ وزیراعظم نے پاور ڈویژن، واٹر ریسورسز ڈویژن اور پیٹرولیم ڈویژن کے مابین ہم آہنگی کو بڑھانے کی ہدایت دیتے ہوئے توانائی کے شعبے کے لیے ایک مشترکہ حکمت عملی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز کیا جائے تاکہ ان کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے اور بجلی کی پیداوار کمپنیوں کی قانونی اور انتظامی رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے 23 مارچ کو بجلی کی قیمتوں میں 8 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کرنے کا عندیہ دیا تھا جس کی منظوری آئی ایم ایف سے مل چکی ہے۔
اس کے علاوہ وزارت خزانہ اور پاور ڈویژن نے اس کمی کو مزید 2 روپے فی یونٹ تک کم کرنے کے اضافی اقدامات پر غور کیا ہے جس کا حتمی فیصلہ جلد متوقع ہے۔
یہ کمی یکم اپریل 2025 سے نافذ ہوگی جس کے اثرات مئی میں صارفین کے بلز میں نظر آئیں گے۔ اس 8 روپے فی یونٹ کمی میں سے 4.73 روپے فی یونٹ کو مستقل ایڈجسٹمنٹ کے طور پر مختص کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم کا یہ اعلان عوام کے لئے ایک خوشخبری ہے جو کہ طویل عرصے سے مہنگی بجلی کے بوجھ تلے دبے ہوئے تھے۔
اس ریلیف پیکج سے نہ صرف بجلی کے بلز میں کمی آئے گی بلکہ حکومت کی جانب سے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا سفر بھی تیز ہوگا جس سے ملک کی معیشت میں استحکام آئے گا۔
مزید پڑھیں: ’باہمی اختلافات بھلا کر ملکی ترقی کے لیے متحد ہونا ہوگا‘ وفاقی وزیرداخلہ