ایران نے 2026 کے مینز فیفا ورلڈ کپ کے لیے اپنی جگہ پکی کرلی۔ تہران کے آزادی اسٹیڈیم میں منگل کے روز ہونے والے ایشیا کے گروپ اے میں سنسنی خیز کوالیفائر میچ میں ایران اور ازبکستان کا مقابلہ 2-2 سے برابر رہا، جس کے نتیجے میں ایران کا ورلڈ کپ میں شرکت کا خواب حقیقت میں بدل گیا۔
یہ میچ ایران کے لیے ایک اہم مقابلہ ثابت ہوا کیونکہ ورلڈ کپ میں اپنی جگہ پانے کے لیے ایران کو صرف ایک ڈرا کی ضرورت تھی۔
میچ کی شروعات میں ہی ازبکستان کی ٹیم نے ایران کو چیلنج کیا اور 16 ویں منٹ میں ‘کوجیمات’ کے شاندار گول نے ازبکستان کو برتری دلادی جس کے بعد ایران نے دوسرے ہاف میں بہترین کھیل پیش کیا۔
ایران کی جانب سے ‘مہدی تریمی’ نے 55 ویں منٹ میں گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا لیکن ازبکستان نے فوراً ہی اگلے ہی منٹ میں ‘ابوسبیک’ کی مدد سے دوبارہ برتری حاصل کر لی۔
اس موقع پر ایران کے حوصلے نہ ٹوٹے اور میچ کے آخری لمحات میں مہدی تریمی نے 83 ویں منٹ میں ایک اور شاندار گول کرکے ایران کو ایک پوائنٹ دلایا۔
یہ 2-2 کا ڈرا میچ ایران کے لیے تاریخی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ اس کے نتیجے میں ایران نے مسلسل چوتھی مرتبہ اور مجموعی طور پر ساتویں بار فیفا ورلڈ کپ میں کوالیفائی کیا ہے۔
ایران کی ٹیم نے اس کامیابی کو نہ صرف اپنے مداحوں بلکہ پورے ایشیا کے فٹ بال شائقین کے لیے ایک یادگار لمحہ بنا دیا۔
اب ایران کا سفر اگلے سال امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے میگا ایونٹ کی طرف جاری رہے گا جہاں 48 بہترین ٹیمیں عالمی چمپیئن بننے کے لیے آپس میں زور آزمائیں گی ۔
مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ون ڈے ٹیم کا اعلان کر دیا، مچل سینٹنر کی جگہ ٹام لیتھم کپتان مقرر