اپریل 10, 2025 1:37 صبح

English / Urdu

Follw Us on:

پی ایس ایل 10: پی سی بی نے ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان کردیا، کب اور کیسے ہوگی؟

عامر خاکوانی
عامر خاکوانی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان کردیا، ٹکٹوں کی فروخت 3 اپریل سے شروع ہوگی۔

پی ایس ایل 2016 میں اپنے پہلے سیزن کے ساتھ شروع ہوا، پاکستان کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ بن چکی ہے، جس میں دنیا بھر کے نامور کھلاڑی حصہ لیتے ہیں۔ اس لیگ نے نہ صرف ملکی کرکٹ کو فروغ دیا ہے بلکہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کو بھی پاکستان میں کھیلنے کی ترغیب دی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق آن لائن ٹکٹوں کی فروخت سہ پہر 3 بجے PCB.tcs.com.pk پر شروع ہوگی، جب کہ فزیکل ٹکٹیں 7 اپریل سے ملک بھر میں TCS ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہوں گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جو شائقین آن لائن ٹکٹ خریدیں گے، وہ انہیں مقررہ TCS پک اپ مراکز سے حاصل کر سکتے ہیں یا TCS کے ذریعے ہوم ڈیلیوری کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

چاروں وینیوز کے جنرل ٹکٹوں کی قیمت 650 روپے رکھی گئی ہے، جب کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان افتتاحی میچ کے ٹکٹ 1000 روپے سے 8500 روپے تک دستیاب ہوں گے۔

پی سی بی کے مطابق شائقین کی دلچسپی بڑھانے کے لیے ہر میچ میں ٹکٹ ریفل کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں جیتنے والوں کو دلچسپ انعامات دیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 کا آغاز جمعہ 11 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور دو بار کی چیمپئن لاہور قلندرز کے درمیان میچ سے ہوگا۔

چھ ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 11 اپریل سے 18 مئی تک جاری رہے گا، جس میں 34 میچز کھیلے جائیں گے۔

لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 13 میچز کی میزبانی کرے گا، جن میں دو ایلیمینیٹرز اور فائنل شامل ہوگا۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم 11 میچز کی میزبانی کرے گا، جس میں کوالیفائر ون بھی شامل ہے۔

کراچی کا نیشنل بینک اسٹیڈیم اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم پانچ، پانچ میچوں کے میزبان ہوں گے۔

پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن میں ایک نمائشی میچ بھی رکھا گیا ہے، جو 8 اپریل کو پشاور میں کھیلا جائے گا۔

ٹورنامنٹ میں تین ڈبل ہیڈرز ہوں گے، جن میں سے دو ہفتے کے روز، جب کہ ایک یوم مزدور (یکم مئی) کو ہوگا۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ نے گزشتہ نو سیزنز میں بے شمار یادگار لمحات فراہم کیے ہیں۔ اب اس کا 10واں ایڈیشن ایک اور تاریخی سیزن بننے کے لیے تیار ہے، جس میں شائقین کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

عامر خاکوانی پاکستانی صحافی ہیں۔ وہ متعدد اشاعتی اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ اخبارات میں کالم نویسی کے بعد اب ڈیجیٹل بلیٹ فارمز پر بلاگ لکھتے ہیں۔ مشکل سے مشکل موضوع کو دلچسپ پیرائے اور عام فہم انداز میں قاری تک پہنچانے میں انہیں خصوصی ملکہ حاصل ہے۔

عامر خاکوانی

عامر خاکوانی

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس