اپریل 4, 2025 4:25 شام

English / Urdu

Follw Us on:

پیکا ایکٹ کے اثرات اور صحافت کا مستقبل: ’گلا دبانے سے آواز نہیں دبے گی‘

مادھو لعل
مادھو لعل

پاکستان میں ڈیجیٹل میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے اثرات نے جہاں معلومات کی رسائی کو آسان بنایا، وہیں حکومت کو سائبر کرائمز اور جعلی خبروں کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے چیلنجز کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

ان ہی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے 2016 میں پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) متعارف کرایا گیا۔ اس قانون کا مقصد آن لائن جرائم، سائبر ہراسمنٹ، نفرت انگیز مواد اور غلط معلومات کی روک تھام تھا، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ اس کا استعمال ایک متنازع معاملہ بن گیا، خصوصاً صحافیوں اور حکومت پر تنقید کرنے والے افراد کے خلاف۔

2025 میں حکومتِ پاکستان نے پیکا ایکٹ میں مزید سخت ترامیم متعارف کروائیں، جن کا مقصد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر غلط معلومات، نفرت انگیز بیانات اور ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا روکنا تھا۔

ان ترامیم کے مطابق تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو پاکستان میں رجسٹر ہونا لازمی قرار دیا گیا اور انہیں حکومت کے وضع کردہ ضوابط پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت دی گئی۔

مزید یہ کہ غلط معلومات پھیلانے پر تین سال تک قید یا 20 لاکھ روپے تک جرمانہ، یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔

ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو ختم کر کے ایک نئی ایجنسی قائم کی گئی جو ڈیجیٹل جرائم کی تحقیقات کرے گی۔ کسی بھی صحافی، یوٹیوبر یا سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کی طرف سے ریاستی اداروں، عدلیہ یا حکومت کے خلاف “جھوٹی خبریں” چلانے پر فوری کارروائی اور گرفتاری ممکن ہوگی۔

ان ترامیم کے بعد سے صحافتی تنظیموں اور انسانی حقوق کے اداروں نے سخت تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ ان قوانین کا مقصد سوشل میڈیا پر آزادیٔ اظہار کو دبانا اور صحافیوں کو ہراساں کرنا ہے۔

حالیہ دنوں میں متعدد صحافیوں کی پیکا ایکٹ کے تحت گرفتاریاں ہوئیں، جس کی وجہ سے آزادی اظہار اور صحافت کی آزادی پر کئی سوالات اٹھے ہیں۔

20 مارچ کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم سرکل نے کراچی میں سینئر صحافی اور یوٹیوب چینل “رفتار” کے بانی فرحان ملک کو گرفتار کیا۔ ان پر ریاست مخالف پروپیگنڈا اور پیکا ایکٹ کی نئی دفعات کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا۔

26 مارچ 2025 کو ایف آئی اے نے صحافی وحید مراد کو پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا۔ ایف آئی اے نے عدالت سے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی، تاہم عدالت نے دو روزہ ریمانڈ منظور کرتے ہوئے وحید مراد کو ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا۔

ایف آئی اے کے مطابق وحید مراد کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے حوالے سے تفتیش کرنی ہے اور ان پر الزام ہے کہ انہوں نے بلوچستان کے حوالے سے کالعدم تنظیم کی پوسٹ شیئر کی تھی۔

۔پاکستان میٹرز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اے پی این ایس کے عہدیدار نوید چوہدری کا کہنا تھا کہ حلال روزی کمانے والے صحافی فیک نیوز کے سب سے بڑے مخالف ہیں۔

ان کے مطابق فیک نیوز صحافت کا قتل ہےاور اگر بیرون ملک بیٹھے کسی شخص کے ذریعے کوئی چیز ریاستی اداروں اور قومی مفادات کے خلاف چلائی جائے تو یہ شر انگیزی اور ‘ڈیجیٹل دہشت گردی’ کے مترادف ہے۔

نوید چودھری نے کہا کہ میں پوری ذمہ داری سے کہہ رہا ہوں کہ جن کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے ان کے مشکوک رابطے تھے۔ اگر کسی کو محض خبر شائع کرنے پر گرفتار کیا جا رہا ہے تو یہ غلط ہے، لیکن خبر کے نام پر ٹرولنگ کرنا بھی درست نہیں۔ غلط خبر کے نام پر ‘ٹرولنگ’ کی جا رہی ہے تو یہ صحافت نہیں ہے۔

ممبر لاہور پریس کلب مدثر شیخ کا پاکستان میٹرز سے خصوصی گفتگو کرتےہوئے کہنا تھا کہ  صحافیوں کا یوں گرفتار ہونا انتہائی تشویشناک ہے۔  ایک صحافی کو اس لیے اغوا کیا گیا کہ اس نے ایک صوبے کے سابق وزیراعلیٰ کے الفاظ کو ہوبہو نقل کر کے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پبلش کیا۔ جب شور مچا پھر اسے عدالت میں پیش کیا گیا اور یہ صرف اتنا نہیں بلکہ ایک شخص کو راولپنڈی میں اس لیے گرفتار کیا گیا کہ اس نے ٹریفک وارڈن کی زیادتی کی  ویڈیوبنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی۔

مدثر شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان میں ایسے وزرا رہے ہیں جنہوں نے حکومتی اداروں پر کھلی تنقید کی لیکن ان پر کوئی کیس نہیں بنایا گیا، جب کہ جب ایک صحافی نے کسی کی بات نقل کی تو اسے گرفتار کر لیا گیا۔ صحافیوں کے گلا دبانے سے آواز دب نہیں جائے گی ۔ مسائل کا حل ڈھونڈنا ہوگا۔

صدر پریس کلب کراچی فاضل جمیلی کا اس سوال کے جوا ب میں کہ ایک صحافی جب کوئی ٹویٹ شیئر، ریپوسٹ اور ویڈیو بنانے پر دھڑ لیا جائے تو وہ کیا کرے کہنا تھا کہ  جب صدر زرداری نے اس پیکا امنڈمنٹ پر جلدبازی میں سائن کیے تھے ہم نے اسی وقت کہا تھا کہ یہ کالا قانون ہے اورانتہائی تشویشانک ہے اور اس سے نہ صرف صحافت بلکہ آزادی اظہار، سماجی اظہار پر بھی اثر ہوگا۔

پیکا ایکٹ اور اس میں کی گئی ترامیم نے پاکستانی صحافت کو ایک نازک موڑ پر لاکھڑا کیا ہے۔ حکومت کے مطابق ان قوانین کا مقصد جعلی خبروں اور ریاست مخالف پروپیگنڈے کو روکنا ہے، لیکن صحافتی حلقوں کا ماننا ہے کہ اس کا استعمال آزادی اظہارِ رائے کو دبانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

 

مادھو لعل

مادھو لعل

Share This Post:

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

متعلقہ پوسٹس