پاکستان بھر میں آج عید الفطر منائی جا رہی ہے، جہاں ہر طرف خوشیاں اور مسکراہٹیں ہیں۔ اتوار کے روز شوال کا چاند نظر آیا جبکہ ملک بھر میں عید الفطر کا باضابطہ اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبد الخبیر آزاد نے کیا۔
مولانا عبد الخبیر آزاد نے اپنی تقریر میں بتایا کہ ملک بھر سے چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہوئیں تھیں جس کے بعد عیدالفطر کے آغاز کا اعلان کیا گیا۔
یہ دن مسلمانوں کے لیے ایک عظیم خوشی اور اللہ کی رضا کی تلاش کے سفر اور رمضان کے روزے مکمل ہونے ہونے کی خوشی میں منایا جاتا ہے۔
آج ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں ہزاروں کی تعداد میں نماز عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے جہاں امت مسلمہ کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ خاص طور پر ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں اور ساتھ ہی غم و خوشی کی تقسیم، بھائی چارے اور محبت کے پیغامات بھی دیے گئے۔
اس کے علاوہ نماز عید کی ادائیگی کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنے پیاروں کی قبر پر حاضری کیلئے قبرستانوں کا رخ کیا اور شہریوں نے اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی اور ان کی مغفرت کی دعا بھی کیں۔
شہریوں کی جانب سے اپنے پیاروں کی قبروں کی صفائی اور ان پر گل پاشی بھی کی گئی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے قوم اور عالم اسلام کو عید الفطر کی مبارکباد پیش دی اور کہا کہ یہ خوشی کا دن ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں، عبادات اور تقویٰ کے سفر کے بعد نصیب ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عیدالفطر اللہ کا انعام ہے جو ہمیں روزے کی مشقت پر عطا کیا گیا ہے اور یہ دن ہمیں آپس میں بھائی چارے کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرتا ہے تاکہ ہمارا ملک ایک مضبوط اور خوشحال ریاست کے طور پر ابھرے۔
اس موقع پر صدر نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمانوں کے لیے بھی دعائیں کیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد آزادی کے ساتھ عید نصیب فرمائے۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی عید الفطر پر قوم کو مبارک باد دی اور کہا کہ یہ دن خوشی، امید اور محبت کا دن ہے جو ہمیں ایک نئی طاقت اور اتحاد کے ساتھ اپنے قومی مقاصد کی تکمیل کے لیے سرگرم کرتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے عید الفطر کے حوالے سے ایک اہم پیغام دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ عید الفطر رمضان کے اختتام پر اتحاد، ہمدردی اور شکرگزاری کی علامت ہے جو ہمیں ایک دوسرے کے قریب لاتی ہے۔
اس کے علاوہ اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ فوجی جوان اپنے خاندانوں سے دور رہ کر قوم کے دفاع میں مصروف ہیں اور امن، خوشحالی اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کی کوشش کر رہے ہیں، اس کے علاوہ عید کا دن ہمیں قومی ہیروز کی بے مثال بہادری، عزم اور قربانیوں کو یاد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
عید الفطر کا دن اس بات کا آئینہ دار ہے کہ اگر ہم سب مل کر ایک دوسرے کا ساتھ دیں اور اپنے فرقوں، زبانوں اور عقائد سے بلند ہو کر ایک امت کے طور پر ایک ہو جائیں تو ہمارا ملک دنیا کے عظیم ترین ممالک میں شامل ہو سکتا ہے۔