نیوزی لینڈ نے تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو 84 رنز سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی۔
ہیملٹن کے سیڈون پارک میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بنائے۔
کیویز کے وکٹ کیپر مچل ہے نے 78 گیندوں پر 99 رنز کی شاندار اننگ کھیلی، جس میں 7 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ وہ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی ٹیم 292 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 208 رنز بنا سکی اور پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف 73 اور نسیم شاہ 51 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے 54 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، لیکن پہلی وکٹ چھٹے اوور میں گری جب نک کیلی 31 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
دوسرے اوپنر ریس مارِیو 18 رنز بنا کر 10ویں اوور میں وسیم جونیئر کا شکار بنے۔ اس وقت نیوزی لینڈ کا اسکور 71 رنز تھا۔ اس کے بعد ڈیرل مچل 18 اور ہنری نکولس 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اور 17 اوورز میں نیوزی لینڈ کا اسکور 102 تک پہنچا۔
کیوی کپتان مائیکل بریسویل اور محمد عباس نے پانچویں وکٹ کے لیے 30 رنز جوڑے، لیکن بریسویل 17 رنز بنا کر محمد وسیم جونیئر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
مچل ہے اور محمد عباس نے چھٹی وکٹ پر 77 رنز کی شراکت داری کی۔ 40ویں اوور میں عباس کے آؤٹ ہونے پر نیوزی لینڈ کا اسکور 209 رنز تھا۔
مچل ہے نے آخر تک جارحانہ بلے بازی جاری رکھی اور آخری اوور میں 24 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی اننگ 8 وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز پر ختم ہوئی۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر اور سفیان مقیم نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فہیم اشرف، عاکف جاوید اور حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ لی۔
پاکستانی ٹیم میں اس میچ کے لیے 4 تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ امام الحق، عبداللہ شفیق، بابراعظم، محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا، طیب طاہر، فہیم اشرف، محمد وسیم جونیئر، حارث رؤف، سفیان مقیم اور عاکف جاوید پلیئنگ الیون کا حصہ تھے۔
پہلے میچ میں کھیلنے والے عثمان خان، محمد علی، عرفان خان نیازی اور نسیم شاہ اس میچ میں شامل نہیں تھے۔
نیوزی لینڈ کے اہم بیٹر مارک چیپمین ہیمسٹرنگ انجری کے باعث ٹیم میں شامل نہ ہوسکے۔
نیوزی لینڈ کو تین میچوں کی سیریز میں اب دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوچکی ہے۔