اپریل 4, 2025 12:26 صبح

English / Urdu

Follw Us on:

زرعی مصنوعات پر ٹیرف: امریکا نے انڈیا پر دھوکادہی کا الزام لگا دیا

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

امریکی صدارتی دفتر وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیوٹ نے انڈیا کی جانب سے امریکی زرعی مصنوعات پر 100 فیصد ٹیرف کو غیرمنصفانہ قرار دیتے ہوئے اسے تجارتی اصولوں کے خلاف اقدام قرار دیا ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق انڈیا نے امریکی زرعی مصنوعات پر بھاری محصولات عائد کر کے امریکا کے ساتھ غیر منصفانہ رویہ اختیار کیا ہے اور 100 فیصد ٹیرف عائد کر کے امریکی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قدر زیادہ محصولات امریکی برآمدات کو تقریباً ناممکن بنا دیتے ہیں اور اس سے امریکی کسانوں اور کاروباری برادری کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔

کیرولائن لیوٹ کا کہنا تھا کہ اگرچہ انڈیا نے امریکی زرعی مصنوعات پر غیر معمولی طور پر زیادہ ٹیرف عائد کیا ہے، لیکن یہ مسئلہ صرف انڈیا تک محدود نہیں۔ دیگر بڑے تجارتی شراکت دار بھی امریکی مصنوعات پر بھاری محصولات عائد کر رہے ہیں۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ یورپی یونین نے امریکی دودھ کی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف نافذ کر رکھا ہے، جاپان نے امریکی چاول پر 700 فیصد جبکہ کینیڈا نے امریکی مکھن اور پنیر پر 300 فیصد ٹیرف عائد کیا ہوا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے کہا کہ امریکی حکومت ان غیر منصفانہ تجارتی اقدامات پر خاموش نہیں بیٹھے گی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس معاملے پر سخت موقف اختیار کر چکے ہیں۔ ان کے مطابق صدر ٹرمپ نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ دو اپریل سے نافذ کیے جانے والے نئے تجارتی محصولات بڑے پیمانے پر ہوں گے اور ان سے امریکی معیشت میں ایک نیا موڑ آئے گا۔

صدر ٹرمپ نے متعدد مواقع پر کہا ہے کہ امریکا کسی بھی ایسے تجارتی معاہدے یا نظام کو تسلیم نہیں کرے گا جو امریکی معیشت کو نقصان پہنچائے۔ ان کے مطابق امریکا اپنے کسانوں، تاجروں اور برآمد کنندگان کے مفادات کا بھرپور دفاع کرے گا اور کسی ملک کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ امریکی معیشت کو نقصان پہنچانے والے فیصلے کرے۔

انڈیا کی جانب سے امریکی زرعی مصنوعات پر 100 فیصد ٹیرف عائد کیے جانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی کشیدگی میں اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ امریکی حکومت پہلے ہی اس حوالے سے اقدامات کر رہی ہے اور امکان ہے کہ جلد ہی بھارت کے خلاف جوابی تجارتی اقدامات کیے جائیں گے۔

عالمی تجارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر انڈیا اور امریکا کے درمیان تجارتی تنازعہ مزید شدت اختیار کرتا ہے تو اس کے عالمی معیشت پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ کیونکہ دونوں ممالک بڑے تجارتی شراکت دار ہیں اور ان کے درمیان کسی بھی قسم کی کشیدگی عالمی منڈیوں پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے بعد تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں امریکا کی جانب سے انڈیا کے خلاف مزید سخت تجارتی اقدامات اٹھائے جانے کا امکان ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مزید کشیدہ ہو سکتے ہیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

متعلقہ پوسٹس